شدید گرمی، حبس خادم پنجاب کے غیراعلانیہ دورے جاری

لاہور(این این آئی )وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے روزے کے دوران شدید گرمی اور حبس کے باوجود ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ اور سبزی منڈی کے سستے رمضان بازار کا غیر اعلانیہ دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عام کوچ میں بغیر پروٹوکول سفر کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچے۔ وزیراعلیٰ نے اپنی کوچ کے پیچھے بعض سرکاری گاڑیاں آنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر میں عام کوچ میں سفر کر سکتا ہوں تو افسروں کو بھی کوچ میں ہی آنا چاہیئے۔ آئندہ میرے ایسے دوروں کے دوران کوئی فالتو گاڑی نظر نہیں آنی چاہیئے جس پر گاڑیوں کو پیچھے روک دیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ کے دورے کے دوران شیخوپورہ میں کسی بھی مقام پر ٹر یفک نہیں روکی گئی اور وزیراعلیٰ کی گاڑی عام ٹر یفک کے ساتھ چلتی رہی وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولتوں اورادویات کی فراہمی کے بار ے دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی سی او سے پوچھا کہ آپ نے ہسپتال کے کتنے دورے کئے ہیں تو انہوں نے کہا کہ میں حالیہ دنوں ہسپتال نہیں آ سکا جس پر وزیراعلیٰ نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے باقاعدگی سے دورے کرنا آپ کی ذمہ داری ہے اور آئندہ ایسی شکایت نہیں ملنی چاہیئے۔مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ یہاں کے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ بہت اچھا ہے خصوصاً ڈاکٹر عدنان قیصر بہت فرض شناس ہیں اور مریضوں سے ان کا رویہ انتہائی اچھا ہے جس پر وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر عدنان قیصر کو شاباش دی اور کہا کہ آپ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیر اعلی کو بتایا کہ ہسپتال میں مناسب علاج معالجہ ہو رہا ہے اور ادویات بھی مل رہی ہیں۔ مریضوں اور ان کے رشتے داروں نے ہسپتال آ کر علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لینے پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے اقدام کو سراہا اور انہیں دعائیں دیں۔ہسپتال کے دورے کے بعد وزیر اعلیٰ نے رمضان بازار کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے رمضان بازار میں خریداری کے لئے آئے لوگوں سے ہاتھ ملایا اور ان سے اشیاءکی قیمتو ں او ر کوالٹی کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ شدید گرمی اور حبس کے باعث پسینے سے شرابور ہو گئے۔

پنھنجي راءِ لکو