ہولی وڈ میں گھسا پٹا ہندوستانی لڑکی کا کردار نہیں کرنا

ممبئی: بولی وڈ اداکارائیں دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا جہاں ہولی وڈ میں نام کمانے کے لیے دن رات ایک کر رہی ہیں وہیں انوشکا شرما کا کہنا ہے کہ وہ ہولی وڈ انڈسٹری میں گھسا پٹا ہندوستانی لڑکی کا کردار نہیں کرنا چاہتی۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق جب انوشکا شرما سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ ہولی وڈ میں دوسری اداکاراؤں کی طرح اپنی قسمت آزمانا چاہتی ہیں تو ان کا کہنا تھا ’میں ایک اداکارہ ہونے کی حیثیت سے جو بھی کرتی ہوں وہ کسی بھی جگہ ہو مجھے اس بات سے فرق نہیں پڑتا، ضروری یہ ہے کہ وہ کام دلچسپ ہونا چاہیے، میں ہولی وڈ میں کوئی گھسا پٹا ہندوستانی لڑکی کا کردار نہیں کرنا چاہتی‘۔

اپنی ساتھی اداکاراؤں دپیکا اور پریانکا کے کام کو سراہتے ہوئے انوشکا کا کہنا تھا ’وہ دونوں وہاں جو بھی کام کر رہی ہیں وہ یقیناً بہترین ہے لیکن اگر میں ہولی وڈ میں کچھ کرنا چاہوں تو وہ مجھے دلچسپ لگنا چاہیے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا ’پریانکا اور دپیکا ہمارے ملک کی نمائندگی کر رہی ہیں اور دوسروں کے لیے مواقع بھی بنا رہی ہیں، یہ بہت اچھا ہے لیکن میں اس طرف کام نہیں کررہی‘۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سونم کپور سے بھی جب ہولی وڈ میں کام کرنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ وہاں صرف ایک خوبصورت ہندوستانی لڑکی کے طور پر کام نہیں کرنا چاہتیں۔

انوشکا شرما اس وقت اپنی فلم ’سلطان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ سلمان خان مرکزی کردار کرتے نظر آئیں گے۔

علی عباس ظفر کی ہدایت اور ادیتہ چوپڑا کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’سلطان‘ رواں سال جولائی میں ریلیز کی جائے گی۔

پنھنجي راءِ لکو