یورپی یونین میں رہنا ہے یانہیں،برطانیہ میں تاریخی ریفرنڈم آج

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ برطانوی عوام آج تاریخی ریفرنڈم کے ذریعے کریں گے۔
ریفرنڈم سے ایک روز قبل منگل کو شائع ہونے والے ایک انتخابی جائز ے کے مطابق یورپی یونین میں رہنے کی حمایت کرنے والے یقینی ووٹروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
اخبار ’ٹیلی گراف‘ کی طرف سے کرائے گئے ‘او آر بی’ نامی پول کے تازہ ترین اور آخری نتائج یورپی یونین کے حامیوں کی سبقت کو ظاہر کرتے ہیں۔
نئے پول کے مطابق، یورپی یونین میں رہنے کی مہم نے 53 فیصد یقینی ووٹروں کی حمایت حاصل کر لی ہے۔ اس کے مقابلے میں یونین سے علیحدگی کی مہم کو 46 فیصد یقینی ووٹروں کی حمایت حاصل ہے۔
برطانیہ کی یورپی یونین میں رکنیت برقرار رکھنے یا نا رکھنے پر عوامی ریفرنڈم آج 23 جون کو ہو رہا ہے۔ڈیوڈ کیمرون یورپی یونین کی رکنیت بحال رکھنے کے حامی ہیں، لیکن وہ اس بات کا بھی اعلان کر چکے ہیں کہ یورپی یونین کو چھوڑنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا جائے گا۔
علاوہ ازیں ڈیوڈ کیمرون نے ایک ٹی وی سے گفتگومیں کہا کہ کچھ نہیں جانتا کیا ہونے جا رہا ہے۔گزشتہ روز ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے والدین اور بزرگ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ نوجوان نسل کی خاطر یورپی یونین میں رہنے کیلئے ووٹ ڈالیں۔

پنھنجي راءِ لکو