امجد صابری کی میت کو غسل دے دیا گیا، نماز جناز ہ ایک بجے ہو گی

امجد صابری کی نماز جنازہ آج دوپہر ایک بجے لیاقت آباد روڈ پرادا کی جائے گی ۔ میت کو غسل دے دیا گیا، کچھ دیر میں سردخانے سے گھر منتقل کیا جائے گا، نمازِ جنازہ دربار بابا فرید کے گدی نشین کی امامت میں ادا کی جائے گی ۔تدفین پاپوش نگر قبرستان میں والد کے پہلو میں ہوگی ۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نمازجنازہ لیاقت آبادروڈپر اداکی جائےگی،امجد صابری کوپیرحیرت شاہ وارثی کےمزارکےاحاطےمیں سپردخاک کیاجائےگا ۔
امجد صابری کےوالدغلام فرید صابری کی قبربھی اسی احاطےمیں ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے معروف قوال امجد صابری کے لیاقت آباد میں واقع گھر کے باہر اس وقت بھی لوگ بڑی تعداد میں موجود ہیں۔امجد صابری کے گھر تعزیت کے لئے آنے والا ہر شخص ان کی یاد میں اداس ہے۔

لندن سے کراچی پہنچنے والے امجد صابری کے چچا کا کہنا ہے وہ امجد صابری کے بھائی سے ملنے جرمنی سے لندن آئے تھے کہ کل انھیں امجد صابری کے جاں بحق ہونے کی خبر ملی ،سابق کرکٹر شعیب محمد بھی امجد صابری کے گھر پہنچے اور ان کی یادیں تازہ کیں ۔

قوال امجد صابری قتل کیس کی تحقیقات کے دوران رینجرز حکام نے مقتول کے گھر کی سی سی ٹی وی کیمروں کی وڈیو تحویل میں لے لی۔ واقعے کی جیو فینسنگ مکمل کرلی گئی ہے۔پولیس نے ایک ملزم کا خاکہ جاری کردیا۔ابتدائی تحقیقات میں قتل کے لیے استعمال اسلحہ پہلے استعمال نہ کئے جانے کا انکشاف ہوا۔

امجد صابری کے قتل کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور دعائیہ محافل منعقد کی جا رہی ہیں۔نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کہتی ہیں یہ واقعہ پاکستان کے تشخص پر حملہ ہے،حکومت قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے سزا دے ۔

مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے امجد صابری کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلیے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

لاہور پریس کلب کے باہر ہونے والے مظاہرے میں فوک گلوکار شوکت علی اور اداکار راشد محمود سمیت سول سوسائٹی کے ممبران اور مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے قاتلوں کی فوری گرفتار کا مطالبہ کیا۔

نیشنل ہاکی اسٹڈیم لاہور میں جاری فلڈ لائٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے میچ سے قبل کھلاڑیوں اور سابق اولمپیئنز نے قوال امجد صابری کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، اس موقع پر گراونڈ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

معروف قوال امجد صابری کو دن دیہاڑے شہر کے گنجان آباد علاقے میں ٹارگٹ کیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔

پنھنجي راءِ لکو