جاپان نے کھیتوں کی حفاظت کرنے والا کیڑے مارڈرون تیارکرلیا

ٹوکیو: جاپان نے کھیتوں کی حفاظت کرنے والا ایسا ڈرون تیار کیا ہے جو عین اسی مقام پر کیڑے مار دوا چھڑکتا ہے جہاں اس کی ضرورت ہوتی ہے۔
جاپان کا تیارکردہ یہ جدید ڈرون فصل کی نگرانی میں وہ جگہیں بھی ڈھونڈ نکالتا ہے جہاں انسان کی نظرنہیں پہنچ پاتی۔ اس میں نصب تھرمل کیمرے رات کی تاریکی میں بھی فصل دشمن کیڑوں کو بھانپ کر ان کا خاتمہ کرتے ہیں۔ڈرون اپنے تھرمل کیمرہ سے اندھیرے میں 50 سے زائد مختلف کیڑے مکوڑوں کو پہنچان سکتا ہے۔ تجرباتی طورپر جب اسے آلو اورسویابین کی فصلوں پرآزمایا گیا تو اس کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے اور انسانی مداخلت کے بغیر فصل دشمن کیڑوں کا صفایا کیا گیا۔
اس ڈرون میں روشنی خارج کرنے والا ایک آلہ بھی لٹکایا جاسکتا ہےجو کسی دوا کے بغیر خاص برق اورشعاع کو خارج کرکے کیڑوں کوایک جگہ جمع ہونے سے روکتا ہے اوریہ کام بھی عام کسان اپنے ہاتھوں سے نہیں کرسکتا۔ اگرچہ ایسے ڈرون پہلے بھی بنائے گئے ہیں لیکن یہ ڈرون جدید ٹیکنالوجی سے لیس اور مکمل طور پر خود مختار ہے۔
زرعی ماہرین کے مطابق اس ڈرون کا سب سے بڑا فائدہ یہی ہے کہ یہ صرف اسی جگہ حشرات کش دوا چھڑکتا ہے جہاں اس کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ دنیا بھر میں زرعی ادویات کا بے دریغ استعمال بہت نقصان دہ ثابت ہورہا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو