نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کیلیے100ارب روپے کے سکوک کا اجرا

کراچی: واپڈا کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کیلیے 100ارب روپے مالیت کے سب سے بڑے شریعہ کمپلائنٹ انفرااسٹرکچر کارپوریٹ (سکوک) کا اجرا کردیا گیا جو ڈیمینشنگ (تناقص) مشارکہ پرمبنی ہے اور اسے این بی پی اعتماد نے اسٹرکچر کیا ہے جس کی مدت 10 سال اور یہ حکومت پاکستان کی ساورن گارنٹی کے ساتھ ٹرپل اے ریٹنگ کاحامل ہوگا۔
اس مقصد کے لیے نیلم جہلم ہائیڈرو پاورکمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ (این جے ایچ پی سی) نے نیشنل بینک آف پاکستان کی سربراہی میں 16بینکوں پر مشتمل کنسورشیم سے فنانسنگ معاہدہ کرلیا ہے، نیشنل بینک مینڈیٹڈ لیڈارینجرہوگا۔ اس سلسلے میں بدھ کومنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل بینک کے صدر و سی ای اوسید اقبال اشرف نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبے کی تکمیل سے سالانہ5.15 ارب یونٹس بجلی کی پیداوار ممکن ہوسکے گی جبکہ یہ منصوبہ جولائی2017 میں مکمل ہو جائیگا۔
اس گرین انرجی منصوبے سے واپڈا کو موجودہ ٹیرف کے مقابلے میں سالانہ 50 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہو سکے گا، سکوک 10سالہ مدّت کیلیے بنائے گئے ہیں جس کی خودمختار ضمانت حکومت پاکستان نے لی ہے، اس سکوک کیJCR-VIS سے بنیادی ریٹنگ’’AAA‘‘ ہے اور یہ توقع کی جارہی ہے کہ اس سے مقامی مالیاتی منڈی پر وسیع تراثرات ہوں گے جس سے فنڈنگ فارمیٹ کے اضافے میں مدد ملے گی جو پہلے چھوٹی ڈیلز اور مختصرمدتی پروڈکٹس تک محدودتھی، اس سے اسلامی بینکوں و میوچل فنڈز کو سرمایہ کاری کے نئے مواقع ملیں گے، نیلم جہلم پروجیکٹ ہائیڈرو پاور جنریشن فیسلیٹی ہے جس سے سرنگوں کے ذریعے دریائے نیلم کے پانی کا رخ بدل کر بجلی پیدا کرنے کی طاقت فراہم کر کے دوبارہ دریائے نیلم میں گرایا جائے گا، یہ منگلا اور تربیلا ڈیم پروجیکٹس کی تکمیل کے بعد ملک کا سب سے بڑا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ہے۔
اس کی تکمیل سے سالانہ 5.15ارب یونٹس بجلی کی پیداوار ممکن ہوسکے گی، اس گرین انرجی سے واپڈا کو موجودہ ٹیرف کے مقابلے میں سالانہ 50ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوگا، یہ پروجیکٹ جولائی 2017 کے اختتام تک مکمل ہوجائیگا، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی نے نیشنل بینک آف پاکستان کواختیاردیا ہے جس میں وہ مینڈیٹڈ لیڈ ارینجر(ایم ایل اے) کے طور پر عمل کریگا اور 100ارب روپے کے لیے محفوظ اور نجی طور پر سکوک کا اجراکریگا تاکہ مذکورہ 969 میگاواٹ کے ہائیڈل پاور پروجیکٹ کیلیے جزوی مالی معاونت فراہم کی جائے، پاکستان کے سب سے بڑے پبلک سیکٹر بینک (این بی پی) نے پاکستان کے سب سے بڑے زیرتعمیر ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کیلیے تنِ تنہا 100ارب روپے کی پاکستان کی سب سے بڑی اسلامی مالیاتی ٹرانزیکشن کا اہتمام کیا ہے۔ تقریب میں چیئرمین واپڈا ظفرمحمود، ممبر فنانس واپڈا انوارالحق اور سی ای اونیلم جہلم ہائیڈرو پاورکمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد زبیر اور 16شریک مالیاتی اداروں کے صدور اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واپڈا کے چیئر مین ظفرمحمود نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ کسی بھی سرکاری شعبے کے منصوبے کیلیے کسی مقامی بینک سے لیا جانے والا آج تک کا سب سے بڑا سرمایہ ہے، یہ تاریخی سنگ میل نہ صرف وفاقی حکومت اور واپڈا پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے بلکہ سرمایہ کاری کے ان امکانات کی نشاندہی بھی کرتا ہے جو ہائیڈرو پاور سیکٹر ملک میں پیش کررہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ جہلم ہائیڈرو پاورپروجیکٹ کیلیے 100 ارب روپے مالیت کے سکوک کا اجرامستقبل قریب میں ملک کے بنائے جانیوالے دیگر ہائیڈرو پاور پروجیکٹس کیلیے فنڈز کا انتظام کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا، نیلم جہلم پروجیکٹ کا 90فیصدتعمیراتی کام بلند و بالا پہاڑوں تلے اور صرف 10فیصدکا م سطح پر ہے،پروجیکٹ پر تعمیراتی کام اچھی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے اور 82 فیصدکام مکمل ہوچکا ہے، بر محل مالی انتظام کاری کی بدولت واپڈا پراعتماد ہے کہ پروجیکٹ کا پہلا یونٹ جولائی 2017 میں حوالے کردے اور بعد ازاں دیگر 3یونٹس بھی دسمبر2017کے اختتام تک مکمل کرلے۔ انھوں نے کہا کہ اپنی تکمیل کے بعد یہ پروجیکٹ نیشنل گرڈ میں سالانہ 5.15ارب یونٹس سستی اور ماحول دوست بجلی کا حصہ ملائے گا۔

پنھنجي راءِ لکو