آلودہ ماحول اور اکتا دینے والی ملازمت یادداشت اور توجہ کو شدید متاثر کرسکتی ہے، تحقیق

فلوریڈا: کچھ ملازمتیں اتنی بورنگ اور اکتادینے والی ہوتی ہیں کہ ایک منٹ گزارنا بھی ایک گھنٹے کے برابر ہوتا ہے جب کہ اس طرح کی ملازمت سے دماغ پرطویل مدتی منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اکتا دینے والی ملازمت اوروہاں کا نامناسب ماحول ملازموں کی فکری، ذہنی اور دماغی صلاحیت پر بہت برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں شرکا کی کام کرنے کی جگہ اوراس کے بعد سیکھنے والے کاموں کی یادداشت کے بارے میں سوالات کیے گئے۔ اس کے علاوہ انہیں توجہ، وقت کی تنظیم اورپیچیدہ کام بھی کروائے گئے۔ سروے میں شریک افراد سے ان کی یادداشت اوراسے لاحق مسائل کے بارے میں بھی سوالات کیے گئے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ عمر کے ساتھ ساتھ دماغی وذہنی صلاحیت متاثر ہوتی ہے لیکن نتائج سے ثابت ہوا کہ آلودہ ماحول میں کام کرنے والے افراد کی یادداشت پر بھی فرق پڑا۔ ماہرین کے مطابق دماغ ایک پٹھے (مسل) کی طرح ہے جسے استعمال نہ کیا جائے تو اس کی صلاحیت متاثر ہوتی رہتی ہے لیکن مضر کیمیکل والے ماحول میں دیر تک کام کرنے والے ملازمین کی یہ صلاحیت شدید متاثر ہوتی ہے۔
ماہرین نے اپنی رپورٹ کے خلاصے میں ملازمت کا ایسا ماحول بنانے پر زور دیا ہے جو بالکل صاف ہو اور وہاں لوگ خوشی اور مسرت کے ساتھ کام کرسکیں کیونکہ جوانی میں ان کے لیے یہ اہم موقع ہوتا ہے اورعمر کے اگلے مراحل میں اس کا اثر ان کی ذہنی صلاحیت پر پڑتا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو