جنوبی افریقہ کو شکست، ویسٹ انڈیز فائنل میں

برج ٹاؤن:ویسٹ انڈیز نے ڈیرن براوو کی بلے بازی اور نرائن کی بہترین باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو سہ فریقی سیریز کے اہم میچ میں 100 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر میزبان ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم ڈیرن براوو نے کیرون پولارڈ کے ساتھ مل کر ان کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔

جنوبی افریقہ کے باؤلرز نے ابتدامیں اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو شدید دباؤ میں رکھا، ویسٹ انڈیز کے چار بلے باز 21 کے مجموعے پر پویلین لوٹ چکے تھے لیکن مشکل وقت میں براوو نے مردبحران کا کردار ادا کیا۔

ڈیرن براوو نے چھٹی وکٹ پر کیرون پولارڈ کے ساتھ مل کر ٹیم کو دباؤ سے نکالتے ہوئے مجموعے کو 177 رنز تک پہنچایا تاہم پولارڈ 62 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے کے بعد مورکل کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد براوو نے کپتان جیسن ہولڈر کے ساتھ مل کر اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔

ڈیرن براوو نے کیریئر کی تیسری سنچری مکمل کرتے ہوئے 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، وہ آؤٹ ہونے والے چھٹے بلے باز تھے جبکہ ویسٹ انڈیز کا اسکور 210 رنز تھا۔

کریگ بریتھویٹ اور کپتان نے ٹیم کے مجموعے کو 285 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب ڈیرن براوو اور آل راؤنڈر پولارڈ کے علاوہ دیگر ابتدائی بلے بازی اہم میچ میں دوہرے ہندسے کو بھی عبور کرنے میں ناکام ہوئے۔

ویسٹ انڈیز ٹیم آخری اوور میں 285 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، بریتھویٹ 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا اور کرس مورس نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقی ٹیم روایتی انداز میں فیصلہ کن میچ کے دباؤ کو برداشت کرنے میں ناکام ہوئی اور تمام بلے باز ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور سات بلے باز اسکور کو 100 رنز تک پہنچنے سے قبل ہی آؤٹ ہوچکے تھے۔

ہاشم آملہ 16، فیف ڈوپلیسی 3 اور کپتان اے بی ڈی ولیئرز صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم فرحان بہاردین نے کچھ مزاحمت کی اور35 رنز بنا کر ہار کے مارجن کو کم کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

فاسٹ باؤلر وین پارنل باؤلنگ میں ناکام ہوئے جبکہ بیٹنگ میں 28 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

سنیل نرائن اور شینن گیبرئیل کی باؤلنگ کے سامنے پروٹیز 185 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل نرائن اور گیبرئیل نے 3،3 اور بریتھویٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جیت کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز سریز کے فائنل میں پہنچ گئی جہاں ان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔

آسٹریلیا کی ٹیم سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

ڈیرن براوو کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا فائنل 26 جون کو برج ٹاؤن میں ہی کھیلا جائے گا۔

پنھنجي راءِ لکو