امجد صابری کا قاتل کون؟؟ پولیس کو سرا مل گیا

امجد صابری کا قاتل کون؟؟ قتل کی اُلجھی ڈور کا پولیس کو سرا مل گیا ،سُرجانی ٹاؤن سے قتل میں ملوث شخص پکڑا گیا ، گرفتار ملزم نے اہم انکشافات کئے ہیں ، ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے،گرفتار شخص کی نشاندہی پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی نے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سے سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی کا دعوٰی ہے کہ ملزم نے امجد صابری قتل کیس سے متعلق اہم انکشافات کئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی نے امجد صابری قتل کیس کے سلسلے میں سرجانی ٹاؤن میں ٹارگٹڈ کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملزم نے امجد صابری قتل کیس کے حوالے سے اہم انکشافات کئے ہیں۔ تاہم ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

دوسری طرف کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان گرفتار کر لیے۔ سہراب گوٹھ میں مبینہ مقابلے میں ڈاکو ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق لیاری دبئی چوک پر کارروائی کی گئی۔ کارروائی میں گینگ وار بابا لاڈلا گروپ کا ملزم وحید گرفتار کیا گیا۔

منگھو پیر سے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کے لئے گئے۔اُدھر سپر ہائی وے کے قریب جنجال گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں ڈاکو ہلاک ہو گیا۔نیو کراچی رحمانیہ موڑ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

پنھنجي راءِ لکو