پرتگال کروشیا کو ناک آؤٹ پنچ رسید کرنے کیلیے تیار

پیرس: یورو فٹبال چیمپئن شپ کے تین پری کوارٹر فائنلز آج کھیلے جائیں گے، سوئٹزرلینڈ کی ٹیم پولینڈ کے مقابل آئے گی، ویلز کو آگے بڑھنے کیلیے شمالی آئرلینڈ کو پچھاڑنا ہوگا جب کہ پرتگال کروشیاکو ناک آئوٹ پنچ رسید کرنے کیلیے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ اور پولینڈ نے پہلی بار یورو فٹبال کے ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنائی،جو بھی ٹیم جیتی نئی تاریخ رقم کرے گی، سوئس اسکواڈ میں شامل بیشتر پلیئرز جرمن لیگ کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں،پولش ٹیم میں اسٹار اسٹرائیکر روبرٹ لیوانڈوسکی شامل ہیں،کوچ ایڈم نیوالکا سوئٹزرلینڈ سے ہونے والے10باہمی مقابلوں میں چار فتوحات کی وجہ سے زیادہ پُراعتماد ہیں، حریف ٹیم محض ایک بار ان پرغالب آئی ہے، سوئس اسکواڈ کے 11 کھلاڑی جرمنی کی ٹاپ لیگ کا حصہ بنتے ہیں، انھیں آرسنل کے گرینیٹ ژاہاکا کا ساتھ بھی حاصل ہے۔
دن کا دوسرا مقابلہ 2 چھوٹی انگلش اقوام ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے درمیان ہوگا، ویلز کی آبادی 3.1 ملین ہے، شمالی آئرلینڈ میں 1.8 ملین نفوس بستے ہیں، دونوں ممالک پہلی بار یورو فائنلز کا حصہ بنتے ہوئے ناک آئوٹ مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، ویلز نے گروپ ’ بی ‘ میں ٹاپ پوزیشن پائی جہاں انگلینڈ نے دوسرے نمبر پر اختتام کیا تھا، ٹیم کو رئیل میڈرڈ کے اسٹار گیراتھ بیل کا ساتھ میسر ہے، وہ تین گول داغ کر ایونٹ کے مشترکہ ٹاپ اسکورر بنے ہوئے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگالی ٹیم کوارٹرفائنل میں پہنچنے کیلیے کروشیا کا سامنا کرے گی،کوچ فرنانڈو سانتوس نے حریف سائیڈکو ’ شارکس ‘ کا لقب دیا ہے، رونالڈو نے بروقت فارم میں آتے ہوئے اپنی ٹیم کو ہنگری کیخلاف 3-3 سے ڈرا کی بدولت ناک آئوٹ مرحلے سے باہر ہونے سے بچایا تھا، ہائی اسکورنگ مقابلے کی وجہ سے پرتگال نے گروپ ’ ایف ‘ سے کوالیفائی کرنے والی تیسری ٹیم کا اعزاز پایا جہاں سے آئس لینڈ اور ہنگری بھی کامیاب ہوئے ، یورو فائنلز میں مجموعی طور پر9 گول داغنے کا ریکارڈ مائیکل پلاٹینی کے نام ہے، رونالڈو اب تک 8 بار گیند جال میں پہنچا چکے ہیں۔
وہ مزید ایک گول بناکر ریکارڈ برابر اور پھر اسے توڑ بھی سکتے ہیں، کروشیا نے گروپ کے اختتامی مرحلے میں دفاعی چیمپئن اسپین کو مات دے کر حریف ٹیموں کو اپنے خطرناک ہونے کا واضح پیغام دے دیا ہے، رونالڈو نے کہا کہ ہمیں حریف کے بہترین ٹیم ہونے کا اندازہ ہے، ہم اس کی قدر کرتے ہیں لیکن ہمیں اپنی ٹیم پر بھی اعتماد ہے، پلیئرز کروشیا کا سامنا کرنے کیلیے پوری طرح تیار ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو