محکمہ موسمیات نے آج سے ملک میں مون سون بارشوں کی اُمید ظاہر کر دی

لاہور (اُردوپاور ڈاٹ کام)محکمہ موسمیات نے آج سے ملک میں مون سون کے آغاز کی نوید سنا دی۔ مون سون ہوائیں ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سبب بنیں گی۔ بلوچستان میں بھی تیز بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گرمی کا زور ختم ہونے کو ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ ملک میں مون سون کا آغاز آج سے ہو جائے گا۔ مون سون ہوائیں بتدریج پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں جو ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سبب بنیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ لاہور سمیت کئی علاقوں میں جل تھل ایک ہونے کا امکان ہے۔ کراچی والوں کو سمندری ہوائیں منقطع ہونے کی وجہ سے دن بھرشدید حبس کا سامنا رہے گا تاہم آج شام یا رات میں بارش کا امکان ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں سمیت خیبرپختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت‘ رحیم یارخان اور بھکر میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بہاولنگر اور اوکاڑہ میں 43‘ کراچی‘ نوابشاہ اور پنجگور میں 40 جبکہ جیوانی اور کاکول میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنھنجي راءِ لکو