نوازشریف پارلیمنٹ میں بیٹھنے کا حق کھو چکے، دوبارہ الیکشن کرائے جائیں: پی پی نے وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس دائر کردیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک)پیپلز پارٹی نے وزیراعظم نوازشریف ،شہباز شریف، اسحاق ڈاراو ر کیپٹن صفدر کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا گیا ہے۔ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ میں بیٹھنے کا حق کھو چکے ہیں۔وہ آئین کے آرٹیکل62اور63پر پورے نہیں اترتے لہٰذا الیکشن دوبارہ کرایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے لطیف کھوسہ نے وزیر اعظم و دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کردیا،ریفرنس میں وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، حمزہ شہباز اور کیپٹن صفدر کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق مجوزہ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم آرٹیکل ایم (6)63 پر پورا نہیں اترتے جب کہ وزیراعظم نے اہلیہ اور بچوں کےغلط اثاثے ظاہر کیے اور اور انکم ٹیکس گوشواروں میں بھی غلط بیانی کی۔ وزیراعظم کے خلاف ریفرنس میں امپورٹ ایکسپورٹ ایکٹ کی خلاف ورزی اورعوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی شامل ہے جب کہ بینک ڈیفالٹ سے متعلق اسٹیٹ بینک کا خط بھی شامل کیا گیا ہے۔ ریفرنس میں الیکشن کمیشن سے کہا جائے گا کہ وزیراعظم نے پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجا جو جرم ہے۔
قبل ازیں24جون کو پاکستان تحریک انصاف بھی وزیر اعظم نواز شریف و دیگر کے خلاف نا اہلی کا ریفرنس دائر کردیا۔پی ٹی آئی کی جانب سے ریفرنس 2013 کے عام انتخابات میں نواز شریف سے حلقہ 120میں شکست کھانے والی پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے دائر کرایا گیاجو کہ 72صفحات پر مشتمل ہے۔
تحریک انصاف کے ریفرنس میں وزیر اعظم پر اثاثے چھپانے کا الزام ہے،ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ اربوں روپے کی بیرون ملک جائیداد کہیں ظاہر نہیں کی گئی۔

پنھنجي راءِ لکو