کیا یہ ہے ٹوئٹر کا سب سے بہترین فیچر؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی مقبولیت میں تیزی سے کمی دیکھنے میں آرہی ہے اور اب لگتا ہے کہ اس نے فیس بک اور اسنیپ چیٹ کے مقابلے اپنا بہترین فیچر متعارف کرا دیا ہے اور وہ ہے اسٹیکرز۔

جی ہاں ٹوئٹر میں ایک نیا فیچر اسٹیکرز متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے آپ ایموجی اور دیگر مضحکہ خیز تصاویر ان تصاویر کا حصہ بنا سکتے ہیں جنھیں آپ ٹوئیٹ کرتے ہیں۔

یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں کے دوران آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا اور اس میں سینکڑوں ایموجی، اشیاء اور دیگر ایسیریز ہوں گی جنھیں آپ بطور اسٹیکر کسی بھی تصویر میں استعمال کرسکیں گے۔

آپ ان ایموجیز یا دیگر کا سائز بھی بدل سکیں گے اور جہاں دل کرے گا، انھیں لگا سکیں گے جبکہ ایک تصویر میں جتنے چاہے اسٹیکرز استعمال کیے جاسکیں گے۔

یہ اسٹیکر درحقیقت تصویری ہیش ٹیگ بھی ہوں گے۔

یعنی جب آپ کسی اسٹیکر والی تصویر کو دیکھیں گے اور اس پر کلک کریں گے تو آپ کے سامنے ایسی تصاویر کی نئی فیڈ کھل جائے گی جن میں اس اسٹیکر کو استعمال کیا گیا ہوگا۔

ایسے اسٹیکرز دیگر سوشل میڈیا نیٹ ورکس میں بھی موجود ہیں جیسے فیس بک میسنجر میں آپ انہیں کمنٹس کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

تاہم اسنیپ چیٹ میں موجود اسٹیکرز ٹوئٹر کے اس نئے فیچر جیسے ہیں جنھیں تصاویر یا ویڈیوز میں کہیں بھی لگایا جاسکتا ہے لیکن انہیں ٹوئٹر کی طرح سرچ نہیں کیا جاسکتا۔

تو کیا آپ ٹوئٹر کے اس نئے فیچر کو استعمال کرنا پسند کریں گے؟

پنھنجي راءِ لکو