شام: فضائی حملوں میں 25 شہری ہلاک

بیروت(ویب ڈیسک)شام کے شمالی علاقوں میں امریکی اتحادی ممالک اور مقامی فضائیہ کی مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں 25 شہری ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے برطانوی مانیٹرنگ گروپ کا کہنا تھا کہ صدر بشار السد کی حمایتی فورسز نے حلب شہر کے ضلع طارق الباب کی ایک مارکیٹ پر فضائی حملہ کیا، جس میں 11 شہری ہلاک ہوئے۔

گروپ کا کہنا تھا کہ شمالی علاقے میں ایک علیحدہ فضائی کارروائی کے دوران 5 شہری ہلاک ہوئے۔

برطانیہ کے تحت کام کرنے والے مانیٹرنگ گروپ کا کہنا تھا کہ حکومت کے زیر انتظام علاقے میں عسکریت پسندوں کے میزائل حملوں میں 5 افراد ہلاک ہوئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شام کے شمالی علاقے مانبیج میں اتحادیوں کے فضائی حملوں میں دو خواتین اور ان کے 7 بچے ہلاک ہوئے۔

یاد رہے کہ ترکی کی سرحد اور شامی علاقے راقا کے درمیان اہم گزر گاہ مانبیج کو حاصل کرنے کیلئے کردش اور شامی عسکریت پسند پیش قدمی کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ شام میں 2011 سے جاری کشیدگی اور بغاوت کے باعث 280,000 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں شامی اپنے گھر بار چھوڑ کر اطراف کے ممالک میں پناہ گزین کیمپوں میں آباد ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا ماننا ہے کہ شام میں جاری کشیدگی کے باعث یہاں کے شہریوں کو ادویات اور خوراک کی کمی کا سامنا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو