یورو کپ:بیلجیم آؤٹ کلاس، ویلز کی تاریخی فتح

للے: دنیا کے مہنگے ترین فٹ بالر گیراتھ بیل کی ٹیم ویلز نے عالمی نمبر دو بیلجیم کو 1-3 سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار یورو کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

فرانس کے شہر للے میں کھیلے گئے یورو کپ 2016 کے دوسرے کوارٹر فائنل میں برطانوی ٹیم ویلز اور فیفا کی درجہ بندی دوسرے نمبر پر براجمان بیلجیم کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔

بیلجیم کی ٹیم نے کھیل کا شاندار آغاز کرتے ہوئے 13 ویں منٹ میں ہی گول کردیا، نینگولن نے خوبصورت گول داغ کر بیلجیم کو برتری دلوائی۔

دوسری جانب 31ویں منٹ میں حریف ٹیم ویلز کے کپتان ایشلی ولیم نے کارنر پر خوبصورت ہیڈر سے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔

پہلے ہاف کے اختتام تک میچ کا اسکور 1-1 رہا، دوسرے ہاف میں ویلز نے منظم کھیل پیش کیا اور 55 ویں منٹ میں رابسن کانو نے شاندار گول کرکے ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 2 گول کی سبقت دلادی۔

ویلز کے سیم ووکس نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 86 ویں منٹ میں گیند کو بیلجیم کے گول پوسٹ میں پہنچا دیا، اُدھر بیلجیم کی ٹیم گول کے خسارے کو کم کرنے کے لیے سر توڑ کوششیں کرتی رہیں لیکن انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

ویلز نے پہلی بار یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں 1-3 سے کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

خیال رہے کہ ویلز نے 1992 میں پہلی بار یورپیئن شپ میں ڈیبیو کیا تھا۔

سیمی فائنل میں ویلز اور پرتگال کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں پہنچنے کے لیے 6 جولائی کو ایکشن میں نظر آئیں گی۔

پنھنجي راءِ لکو