شوہر کی چھوٹی سی ’غلطی‘ نے بیگم کو ارب پتی بنادیا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اکثر بیویوں کو شکایت رہتی ہے کہ ان کے شوہر ان کی بات دھیان سے نہیں سنتے۔ وہ کہتی کچھ اور لانے کو ہیں مگر وہ کچھ اور اٹھا لاتے ہیں مگر امریکہ کی اس خاتون کو شوہر کی اسی غلطی نے اتنا امیر بنا دیا ہے کہ اب وہ زندگی بھر ایسی شکایت نہیں کرے گی۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق نیویارک کے جزیرے سٹیٹن آئی لینڈ (Staten Island)کی 37سالہ نینسی ویولا نے جنوری میں اپنے شوہر کوسٹور سے لاٹری کا ’بلین ڈالر پاور بال ٹکٹ‘ (Billion dollar PowerBall ticket)لانے کے لیے بھیجا مگر وہ غلطی سے اس سے چھوٹے جیک پاٹ ’میگا میلینز‘ (Mega Millions)کا ٹکٹ لے آیا۔ حالانکہ اس وقت سب کا یہی کہنا تھا کہ بلین ڈالر پاور بال پر انعام نکلنے کا بہت زیادہ چانس ہے۔
نینسی اپنے شوہر سے نالاں تو تھی مگر گزشتہ دنوں اسے اور اس کے شوہر دونوں کو اس وقت خوشی کا سب سے بڑا جھٹکا لگ گیا جب غلطی سے خریدے گئے اس میگا میلینز ٹکٹ پر ان کا 16کروڑ 90لاکھ ڈالر (تقریباً 17ارب روپے) کا انعام نکل آیا۔ غلط ٹکٹ لانے پر شوہر سے نالاں رہنے والی نینسی اب کہتی ہے کہ ”جب میں نے ٹکٹ نکال کر اس کا نمبر فہرست کے نمبروں سے ملانے کی کوشش کی اور وہ واقعی مل گیا تو میں خوشی کے مارے چیخنے لگی، مجھے ایسے لگ رہا تھا کہ جیسے ابھی مجھے دل کا دورہ پڑ جائے گا۔“ رپورٹ کے مطابق نینسی اور اس کے شوہر نے تاحال انعامی رقم سے کوئی بڑی خریداری نہیں کی تاہم وہ بہت سی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو