عراق کے دارالحکومت میں 2 دھماکے، 23 افراد ہلاک

بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد کے مصروف تجارتی مراکز میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں 23 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے۔

امریکی خبررساں ایجنسی اے پی کے مطابق پہلا دھماکا کار میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے ہوا، یہ واقعہ وسطی بغداد کے کارادا ضلع میں پیش آیا جس میں 18 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوئے۔

دوسرا دھماکا مشرقی بغداد میں پیش آیا جہاں ایک دیسی ساختہ بم پھٹنے سے 5 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پہلادھماکا بغداد کی ایک مصروف مارکیٹ میں ہوا،دھماکے کے بعد مارکیٹ میں واقع کئی دکانوں میں آگ لگ گئی، زخمیوں کو ایمبولنس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، عراقی وزارت داخلہ کے مطابق مارکیٹ میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

واضح رہے کہ عید قریب ہونے کی وجہ سے عراق کی مارکیٹوں میں بھی خریداروں کا بے پناہ رش ہے، شدت پسند تنظیم داعش عراق کے مختلف علاقوں پر قابض ہے تاہم حالیہ دنوں میں عراقی سیکیورٹی فورسز نے کئی علاقے داعش سے واپس لینے کا دعویٰ کیا تھا۔

پنھنجي راءِ لکو