رینجرز کا سرکاری اداروں سے گھوسٹ ملازمین کا صفایا کرنے کا فیصلہ

کراچی (ویب ڈیسک) رینجرز نے سندھ بھر کے سرکاری اداروں سے گھوسٹ ملازمین کو فارغ کرنے اور سرکاری اداروں میں قائم سیاسی و عسکری تنظیموں کے دفاتر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ادارے میں سیاسی یا عسکری تنظیم کے دفاتر نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ گزشتہ روز ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایسے دفاتر فوری طور پر بند کردیے جائیں گے ، اس لیے یقینی بنایا جائے کہ سرکاری اداروں سے اس قسم کے دفاتر فوری طور پر بند کیے جائیں اور ان اداروں میں موجود تمام گھوسٹ ملازمین کو فارغ کیا جائے بصورت دیگر تمام ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
رینجرز کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ گھوسٹ ملازمین سیاسی و عسکری اثرورسوخ سے اداروں میں بھرتی ہوئے جبکہ یہ لوگ دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں اس لیے ایپکس کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں مدد ملے گی۔رینجرز نے عوام سے گزارش کی ہے کہ سرکاری اداروں میں موجود گھوسٹ ملازمین کے بارے میں اطلاع دیں۔

پنھنجي راءِ لکو