نواز شریف آج خصوصی طیارے سے وطن واپس پہنچیں گے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم نوازشریف برطانیہ میں اوپن ہارٹ سرجری سے صحتیاب ہونے کے بعد آج شام کو وطن واپس پہنچیں گے۔ڈاکٹروں سے سفر کی اجازت ملنے کے بعد وزیرِ اعظم اپنے اہلِ خانہ سمیت پاکستان واپس آ رہے ہیں، اور پی آئی اے کا خصوصی طیارے انہیں لے کر شام 7 بجے لاہور پہنچے گا۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’وزیراعظم ہفتے کی شام پاکستان پہنچیں گے‘، انہوں نے وزیراعظم کی صحتیابی کے لیے نیک خواہشات رکھنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ پی آئی اے کے ترجمان نے اعلامیہ جاری کیا تھا کہ پی آئی اے کی معمول کی پروازوں میں اتنی نشستیں دستیاب نہیں تھیں، جس کی وجہ سے ایک علیحدہ سے طیارہ مختص کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کا خصوصی طیارہ لندن سے بغیر کسی مسافر لاہور ایئرپورٹ پر پہنچے گا۔ طیارے کی لندن تک یک طرفہ پرواز پر تقریباً 50 ٹن ایندھن خرچ ہوگا۔خصوصی طیارے میں وزیراعظم کے اہل خانہ سمیت اراکینِ قومی اسمبلی بھی ہوں گے۔

یاد رہے کہ رواں برس 31 مئی کو لندن کے ایک ہسپتال میں وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی۔وزیراعظم نے دل کے آپریشن کے بعد لندن میں ہی قومی مفادات کونسل اور بجٹ اجلاس کی صدارت بھی کی تھی۔

آپریشن کے بعد شہباز شریف نے بتایا تھا کہ نواز شریف کے دل کا آپریشن کامیاب رہا اور ان کے 4 بائی پاس ہوئے۔وزیراعظم ایک ایسے وقت میں طبی دورے پر لندن گئے تھے، جب پاناما لیکس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحقیقات کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں آف شور کمپنیوں کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لاء فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقتور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہوئے تھے۔

ویب سائٹ پر موجود ڈیٹا کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں مریم، حسن اور حسین ’کئی کمپنیوں کے مالکان ہیں یا پھر ان کی رقوم کی منتقلی کے مجاز تھے‘۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لندن سے وزیراعظم نوازشریف کو پی آئی اے کے خصوصی طیارے میں وطن واپس لانے پر عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو