تعلیم کا شوق نیپال کے 68 سالہ معمر شخص کو اسکول لے آیا

کھٹمنڈو(آن لائن نیوز)نیپال کا 68 سالہ شہری جو 6 بچوں کا باپ اور 8 بچوں کا دادا ہے ان پر کچھ عرصہ پہلے تعلیم حاصل کرنے کا جنون سوار ہوا جس کے بعد انہوں نے اسکول میں داخلہ لے لیا جہاں وہ روزانہ باقاعدہ سے تعلیم کے حصول کے لیے جاتے ہیں۔
نیپال کے دُرگا کامی نامی شہری سیانگیا شہر کے مقامی اسکول میں دسویں جماعت کے طالب علم ہیں اور ان کا تعلق ایک غریب خاندان سے ہے، وہ لڑکپن سے ہی استاد بننا چاہتے تھے لیکن اسکول فیس نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم حاصل نہ کرسکے۔دُرگا کامی نے محنت سے پرائمری جماعت کے تمام امتحانات پاس کیے جس کے بعد وہ سیکنڈری جماعتوں تک پہنچے اور اب میٹرک کے امتحان کی تیاری کررہے ہیں۔دُرگا اپنے بڑھاپے کے باوجود بچوں کے ساتھ کھیلتے ہیں اور جماعت میں ہر سوال کا جواب دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ روزانہ اپنے چھوٹے ساتھیوں کے ہمراہ وقت پر اسکول پہنچتے ہیں۔بچے ان کے ساتھ گھل مل کر رہتے ہیں اور انہیں ’ با‘ کہہ کر بلاتے ہیں جو نیپالی میں باپ کے لیے استعمال ہونے والا ایک لفظ ہے۔ گھر میں لوڈشیڈنگ کے باوجود وہ سبق یاد کرتے ہیں اور دل لگا کر پڑھتے ہیں۔ دُرگا کے مطابق وہ ایسے لوگوں کے لیے ایک مثال ہیں جو پیرانہ سالی میں بھی علم سے محبت رکھتے ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو