ایدھی فاونڈیشن کے لئے پنجاب عدلیہ کا1کروڑ 20ہزار روپے کا عطیہ

لاہور(ویب ڈیسک)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ سے عبدالستار ایدھی کے پوتے عبدا لستار ایدھی جونیئرنے لاہور ہائی کورٹ میں ملاقات کی اور انہیں عدالت عالیہ اور پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کی جانب سے ایک کروڑ 20ہزار روپے کا چیک دیا۔اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ ساری قوم کو مولاناعبدالستارایدھی (مرحوم) کی تقلید کرنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ عبد الستار کی انسانیت کے لئے ناقابل فراموش خدمات ہیں جنہیں رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایدھی صاحب کی خدمات کو ٹریبوٹ پیش کرنے کا بہترین طریقہ ایدھی فاونڈیشن کی مالی معاونت کرنا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فاضل جج صاحبان اور ضلعی عدلیہ کے جوڈیشل افسران سے لے کر تمام سٹاف، نائب قاصد و مالی وغیر نے اپنی مرضی سے اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر عبدالستار ایدھی جونیئر نے کہا کہ مرحوم عبدالستارایدھی کا لازوال مشن چلتا رہنا چاہیے جس کے لئے سب کو آگے آنا ہوگا۔ تقریب میں سینئر ترین جج مسٹر جسٹس شاہد حمید ڈار، مسٹر جسٹس محمد یاور علی، مسٹر جسٹس سردار محمد شمیم خان، مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ اورمسٹر جسٹس محمد فرخ عرفان خان سمیت دیگر فاضل جج صاحبان موجود تھے۔

پنھنجي راءِ لکو