4 سالہ بلے باز انڈر 12 ٹیم میں منتخب

ہندوستان کرکٹ ٹیم کے عظیم سابق بلے باز سچن ٹنڈولکر اور ونود کامبلی نے 80 کی دہائی میں اسکول کے بچوں کی حیثیت سے کرکٹ کے حلقوں میں دھوم مچائی تھی جبکہ ارمان جعفر اور سرفراز خان اسکول کرکٹ سے شہرت پانے والے جدید کرکٹرز ہیں لیکن دہلی سے تعلق رکھنے والے 4 سالہ شایان جمال نے ماضی کے تمام ریکارڈز کو توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کردی۔

انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 4 سالہ شایان کو ہندوستان کے ایک اسکول کی انڈر 12 ٹیم میں منتخب کرلیا گیا ہے لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ اس عمر کے بچے تو کرکٹ کا وزنی بلا اٹھانے کی سکت نہیں رکھتے تو ایسے میں کیا شایان چھکے اور چوکے لگا سکیں گے۔

جی ہاں! شایان پریکٹس کے دوران جس طرح گیند کو دفاعی انداز میں کھیلا اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے انداز سے کور کی جانب ڈرائیو کر کے سب کو حیرت زدہ کر دیا۔

شایان دہلی کے ہمدرد پبلک اسکول میں کنڈرگارڈن اسٹوڈنٹ ہیں لیکن اسکول کی انڈر 12 ٹیم میں اپنے سے تین گنا بڑی عمر کے بچوں کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے ٹیم میں شامل ہیں۔

شایان کے والد ارشد جمال دہلی میں کلب کرکٹ کھیلتے تھے جنھوں نے اپنے معصوم بچے کو کرکٹ کھیلنے کی ترغیب دی اور ہندوستان کی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے خواب کو پورا کرنے میں ان کی مدد کررہے ہیں۔

ارشد جمال نے کہا کہ ‘شایان کی کرکٹ کی حس مضبوط ہے اور کرکٹ کھیلنے کے لیے جنونی ہیں اور کبھی وقفے لیتا ہوں تو مجھے پریشان کرنا شروع کرتے ہیں کہ ہم نیٹ میں پریکٹس کرنے کیوں نہیں جارہے’۔

ارشد نے کہا کہ ‘ان کا گیم فطری ہے میں تو صرف ان کی رہنمائی کرنے کی کوشش کررہا ہوں’۔

موجودہ دورکے کئی کرکٹرز کی طرح شایان کا پسندیدہ کھلاڑی بھی ویرات کوہلی ہیں اور ان کے رنز کرنے کی تڑپ سے محظوظ ہوتے ہیں۔

شایان نے اس موقع پر کہا کہ ‘میں ایک دن ویرات کوہلی کی طرح ہندوستان کی جانب سے کھیلنا چاہتا ہوں، میں ان کی تعریف کرتا ہوں کیونکہ وہ ایک اچھے بلے باز ہیں اور سنچریاں بناتے ہیں’۔

ارشدجمال کے مطابق ان کے بیٹے کے کوچز کو شایان کی صلاحیت پر بھرپور بھروسہ ہے اور سمجھتے ہیں کہ صلاحیتیں بے پناہ ہیں۔

4 سالہ دائیں ہاتھ کے بلے باز کے والد نے کہا کہ ‘میرے خاندان اور دوست سمجھتے ہیں کہ میں شایان پر اپنا وقت ضائع کررہا ہوں لیکن میرا ماننا ہے کہ خدا نے اس کو غیرمعمولی صلاحیت سے نوازا ہے، میں اس کے ساتھ ناانصافی نہیں کرسکتا اور میں مطمئن ہوں کہ خدا صحیح راستہ دکھائے گا’۔

پنھنجي راءِ لکو