روجر فیڈرر ریواولمپک 2016 سے دستبردار

زیوریخ(ویب ڈیسک)سابق عالمی نمبرایک سوئٹزرلینڈ کے ٹینس اسٹار روجر فیڈرر انجری کے باعث اگلے ماہ ہونے والے ریو اولمپک سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ سیزن کے بقیہ مقابلوں میں بھی حصہ نہیں لیں گے۔

فیڈرر نے اپنے فیس بک پیغام میں کہا کہ ‘میں انتہائی مایوسی کے ساتھ اعلان کررہا ہوں کہ میں ریو میں اولمپک مقابلوں میں سوئٹزرلینڈ کی نمائندگی نہیں کرپاؤں گا اور میں بقیہ سیزن بھی نہیں کھیلوں گا’۔

17 دفعہ گرینڈ سیلم جیتنے والے فیڈرر کا کہنا تھا کہ اگر وہ کیریئر کو طول دینا چا ہتے ہیں تو بحالی کے عمل کو زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

34 سالہ فیڈرر رواں سال فروری میں گھٹنے کی انجری کے باعث زخمی ہو گئے تھے جبکہ کمر کی تکلیف کی وجہ سے وہ فرنچ اوپن سے بھی باہر ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: روجر فیڈرر فرنچ اوپن ٹینس سے دست بردار
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے رواں سال کے آغاز میں گھٹنے کی سرجری کے بعد بحالی کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے ایک بہت مشکل فیصلہ کیا ہے’۔

فیڈرر نے کہا کہ ‘ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ اگر میں اگلے چند سالوں میں بغیر انجری کے کھیلنا چاہتا ہوں تو ایسا کرنا پڑے گا اور مجھے اپنے دونوں گھٹنوں اور جسم کو بحالی کے لیے پورا وقت دینا ہوگا’۔

روجرفیڈرر نے کہا کہ ‘میرا منصوبہ ہے کہ ٹینس میں واپسی کے لیے اپنی پوری توانائی صرف کروں گا اور 2017 میں جارحانہ ٹینس کھیلوں’۔

روجر فیڈرر رواں سال کے آغاز میں آسٹریلین اوپن کے بعد گھٹنے کی انجری کا شکار ہوکر مقابلوں سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد وہ اپریل میں مونٹے کارلو ماسٹرز میں واپس آئے تھے جہاں جو ولفریڈ کے ہاتھوں کوارٹرفائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سابق عالمی نمبر 1 نے مئی میں منعقدہ فرنچ اوپن سے دست برداری کا اعلان کردیا تھا۔

پنھنجي راءِ لکو