جرمنی کے کپتان شوینس ٹیگرعالمی فٹ بال سے کنارہ کش

برلن: فٹ بال کی عالمی چمپیئن جرمنی کے کپتان باستیان شوینس ٹیگر نے بین الاقوامی فٹ بال سے فوری کنارہ کشی کااعلان کردیا۔

باستیان شوینس ٹیگر انگلینڈ کے مشہور فٹ بال کلب مانچسٹریونائیٹڈ کے لیے کھیلتے ہیں جبکہ کلب میں اپنے مستقبل کے پیش نظر انھوں نے جرمن ٹیم سے فوری کنارہ کشی کا فیصلہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق مانچسٹریونائیٹڈ کے نئے منیجر جوز مورینہو نے انھیں واضح کیا تھا کہ وہ ان 9 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو کلب چھوڑ کرجانے کے لیے آزاد ہیں۔

جرمن کپتان کا کلب سے معاہدے کی معیاد ختم ہونے میں ابھی دوسال باقی ہیں۔

شوینس ٹیگر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

شوینس ٹیگر رواں سال جنوری میں گھٹنے کی انجری کا شکارہوئے اور بعد ازاں مارچ میں ایک دفعہ پھر اس تکلیف میں مبتلا ہوکر یوروکپ کے آغاز تک ٹیم سے باہررہے تاہم جرمنی کے پہلے گروپ میچ میں یوکرین کے خلاف گول کرکے واپسی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 ستمبرکو قومی ٹیم کے ورلڈ کپ 2018 کوالیفائر میں ناروے کے خلاف میچ جبکہ ہوم گراؤنڈ میں فن لینڈ سے مقابلے سے قبل ریٹائرمنٹ کے لیے یہ بہترین وقت ہے۔

انھوں نے کہا کہ ‘میں نے قومی ہیڈ کوچ جوخیم لوو کو آگاہ کیا کہ مستقبل میں ٹیم میں میرے انتخاب پرغور نہ کرے کیونکہ میں ریٹائر ہورہا ہوں’۔

اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ ‘میں اپنے مداحوں، ٹیم، جرمن فٹ بال ایسوسی ایشن اور کوچز کا شکرگزار ہوں’۔

شوینس ٹیگر کے کیریئر کا یادگار لمحہ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں 2014 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں فتح کے بعد ورلڈکپ ٹرافی کو تھامنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘2014 کا ورلڈ کپ جیتنا ہمارے لیے ایک تاریخی اور پرجوش موقع تھا جو اب میرے کیریئر میں دوبارہ پیش نہیں آئے گا’۔

شوینس ٹیگر نے جرمنی کی جانب سے 120 میچ کھیلے اور ان کاآخری میچ فرانس کے خلاف یوروکپ 2016 کا سیمی فائنل تھا جہاں ان کی ٹیم کو 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پنھنجي راءِ لکو