توند سے نجات کے 14 آسان طریقے

اپنے جسم میں نکلتی ہوئی توند کسی کو اچھی لگ سکتی ہے ؟ خواتین اور مرد دونوں اپنی پھیلتی کمر اور نکلتے پیٹ سے پریشان ہوتے ہیں۔

مگر اس سے نجات پانا بہت مشکل لگتا ہے۔

تاہم پیٹ میں جمع ہونے والی اضافی چربی کو گھلانے کے آسان طریقے موجود ہیں جس سے آپ کا جسم چند ہفتوں یا مہینوں میں ایک بار پھر متناسب ہوسکتا ہے۔

نمک دانی کو میز سے ہٹا دیں
متعدل مقدار میں نمک کا استعمال صحت کے لیے اچھا ہے کیونکہ یہ صحت مند دل اور دماغ کے لیے ضروری ہے، مگر بہت زیادہ نمک جسم میں پانی کی کمی کے ساتھ ساتھ پیٹ کو پھولنے پر مجبور کردیتا ہے، اضافی وزن میں کمی کے لیے نمک کی مقدار میں کی لانا ضروری ہے۔

چیونگم سے دوری
بیشتر افراد کسی لت سے بچنے یا بے مقصد کھانے سے بچنے کے لیے چیونگم کا استعمال کرتے ہیں مگر اس کا ایک غیر متوقع مضر اثر ہوتا ہے، اور وہ ہے پیٹ کا پھولنا۔ جو بھی چیونگم چباتا ہے وہ کچھ مقدار میں ہوا بھی ہضم کرلیتا ہے جس سے پیٹ پھولنے اور گیس کی شکایت پیدا ہوتی ہے، جبکہ گم میں موجود مصنوعی مٹھاس جنک فوڈ کی اشتہا بھی بڑھا سکتی ہے۔

صحیح طرح چبانا
اگر آپ تیزی سے خوراک کو نگلتے ہیں تو یہ پیٹ کے پھولنے کا باعث بنتا ہے، کھانے کے صحیح آداب کا خیال رکھنا نہ صرف پیٹ کو صحیح شکل میں برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے بلکہ دوست اور رشتے دار بھی خوش ہوتے ہیں۔

میٹھی اشیاءسے دوری
میٹھی اشیاءیقیناً لذیذ ہوتی ہیں مگر ان کا بہت زیادہ استعمال ہمارے جسم کے لیے کچھ زیادہ اچھا نہیں ہوتا، یہ نہ صرف بہت زیادہ کیلوریز سے بھرپور ہوتی ہیں بلکہ ہماری کمروں کو بھی پھیلاتی ہیں، جبکہ اس کے نتیجے میں انسولین کی حساسیت کا سامنا بھی ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں اضافی چربی پیٹ کے گرد جمع ہونے لگتی ہے۔ توند سے نجات چاہتے ہیں تو چینی سے دوری اختیار کرلینا بہترین حکمت عملی ہوتی ہے۔

قبض سے بچنا
شدید قبض بہت عام مرض ہے اور یہ پورے جسم پر اثرات مرتب کرتا ہے خاص طور پر پیٹ میں سوجن اور اس کا تکلیف دہ انداز سے پھولنا، توند کو باہر نکالتا ہے، قبض سے بچنے کے لیے گھریلو ٹوٹکے استعمال میں بہت آسان اور موثر ثابت ہوتے ہیں۔

زیادہ نیند
آج کے طرز زندگی میں لوگوں کی نیند کا دورانیہ کم سے کم ہوتا جارہا ہے جس کی قیمت مختلف بیماریوں کی شکل میں چکانا پڑتی ہے، جس میں سب سے نمایاں پیٹ کا نکلنا ہے، ایک رات صرف تیس منٹ کی کم نیند بھی وزن میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے اور یہ وزن توند کی شکل میں سامنے آسکتا ہے۔

جنک فوڈ بھی دشمن
جنک یا پراسیس فوڈ میں نمک بہت زیادہ ہوتا ہے جس کا احساس تک نہیں ہوتا، درحقیقت نمک تو سوپ سے لے کر پاستا یہاں تک کہ میٹھی اشیاءمیں بھی موجود ہوتا ہے، اس غذا کی جگہ تازہ پھل ، سبزیاں یا گوشت وغیرہ کو ترجیح دینے پر پیٹ آپ کا شکر گزار ہوگا اور جسمانی وزن میں بھی کمی آئے گی۔

مشروب کا صحیح انتخاب
توند سے پاک جسم چاہتے ہیں ؟ تو اپنے گلاس کو بھی دیکھیں، دودھ اور کولڈ ڈرنکس پیٹ پھولنے کا باعث بن سکتے ہیں جس کی وجہ انسانوں میں لیکٹوز کو ہضم کرنے کی صلاحیت میں کمی آنا ہے، تاہم دودھ اتنا نقصان دہ نہیں جتنی سافٹ ڈرنکس ہیں عام ہو یا ڈائٹ یہ میٹھے مشروبات توند نکلنے کا باعث بنتے ہیں۔

پانی کو ترجیح
اگر کچھ مشروبات کمر کو پھیلاتے ہیں تو ایک توند کو شرطیہ کم کرتا ہے اور وہ ہے پانی، یہ جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچاتا ہے جس سے پیٹ نہیں پھولتا، جبکہ پانی کا زیادہ استعمال غذا کی اشتہا کو بھی کم کرتا ہے اور پیٹ بھی جلد بھر جاتا ہے۔

پھلوں کو نہ بھولیں
پھل جیسے بیریز، چیری، سیب اور مالٹے وغیرہ ایک قدرتی جز کیورسیٹن سے بھرپور ہوتے ہیں جو معدے کی سوجن کم کرتے ہیں، تو اگر آپ ان پھلوں کو اپنے گھر میں نمایاں جگہ پر رکھیں تو بے وقت بھوک پر آپ انہیں کھانے کو ترجیح دیں گے۔

کھڑے ہونے کا صحیح انداز
دو سیکنڈ میں سپاٹ پیٹ چاہتے ہیں؟ تو بالکل سیدھا کھڑے ہوجائیں، جھک کر چلنے سے پیٹ باہر کی جانب نکلتا ہے مگر ریڑھ کی ہڈی کو سیدھا رکھنے سے آپ لمبے اور دبلے نظر آتے ہیں، یقیناً یہ ایک عارضی حل ہے مگر کھڑے ہونے کا صحیح انداز پرکشش شخصیت سے ہٹ کر بھی متعدد طبی فوائد کا حامل ہوتا ہے۔

تناﺅ سے بچیں
تناﺅ جسم میں ایک ہارمون کورٹیسول کی مقدار کو بڑھا دیتا ہے اور یہ ہارمون پیٹ کے گرد چربی کو جمع کرنے لگتا ہے، روزمرہ میں زیادہ تناﺅ موٹاپے سے ہٹ کر بھی صحت کے لیے اچھا نہیں اور مختلف امراض کا باعث بنتا ہے۔

ڈیوائسز سے دوری
اسمارٹ فون، ٹیبلیٹ اور ٹیلیویژن آپ کے کمر کے حجم پر اثرات مرتب کرتے ہیں، جس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے استعمال کرتے ہوئے آپ بیٹھنے کو ترجیح دیتے ہیں جس کے نتیجے میں جسمانی سرگرمیاں تھم جاتی ہیں اور کیلوریز جلتی نہیں۔ ان ڈیوائسز سے خارج ہونے والی نیلی روشنی جسمانی گھڑی پر اثرات مرتب کرتی ہیں اور نیند کی کمی کا مسئلہ سامنے آتا ہے جو توند نکلنے کا باعث بنتا ہے۔

تمباکو نوشی سے چھٹکارا
کینسر جیسے موذی مرض کے باوجود آپ تمباکو نوشی ترک کرنے کے لیے کوئی جواز ڈھونڈ رہے ہیں؟ اگر ہاں تو یہ عادت موٹاپے کا باعث بھی بنتی ہے، درحقیقت تمباکو نوشی پیٹ کے گرد چربی کے جمع ہونے کا باعث بنتی ہے جس کے نتیجے میں توند نکلنے لگتی ہے۔

پنھنجي راءِ لکو