جمیکاٹالواز سی پی ایل کی چمپیئن بن گئی

سینٹ کٹس(ویب ڈیسک)کیریبین پریمیئرلیگ (سی پی ایل) کے فائنل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈرعماد وسیم کی شاندار باؤلنگ کی بدولت جیمکا ٹالواز نے گیانا ایمزون ویریئرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

سینٹ کٹس کے وارنرپارک کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سی پی ایل کے فائنل میں جمیکا ٹالواز کے کپتان کرس گیل نے ٹاس جیت کر گیانا ایمزون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

گیانا کی جانب سے پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر اور سی پی ایل کے مہنگے کھلاڑی سہیل تنویر نے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے ان کے سوا دیگر بلے باز ناکام رہے اور جمیکا کی مضبوط ٹیم کو ایک آسان ہدف دے دیا۔

گیانا کے 5 بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ مجموعی طور پر 8 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں 93 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

ڈوون اسمتھ 17 اور کرس بریسول 10 رنز بنا سکے۔ جمیکا کی جانب سے عماد وسیم نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شکیب الحسن اور ولیمز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

سی پی ایل کے فائنل میں ایک آسان ہدف کے تعاقب میں کرس گیل روایتی انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 3 چوکوں اور 6 بلند وبالا چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنا کر ٹیم کو جیت قریب لا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا اور شیڈویک والٹن نے 13 ویں اوور میں ہدف حاصل کر کے جمیکا کو دوسری مرتبہ چمپیئن بنا دیا۔

کمارسنگارا نے 12 رنز بنا کر فاتحانہ رن بھی لے لیا جبکہ والٹن نے ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔

عماد وسیم کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی فاتح ٹیم کے آندرے رسل قرار پائے۔

پنھنجي راءِ لکو