پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہندوستان ملوث

کوئٹہ(ویب ڈیسک)کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے پاکستان کے خلاف غیر رسمی جنگ کا اعلان کررکھا ہے اور ملک میں جاری دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہندوستانی ایجنسیاں ملوث ہیں۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق کوئٹہ پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ ہندوستان سمیت کچھ ممالک پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں اور بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض مقامی ایجنٹس بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے سخت خلاف ہیں، وہ ان سازشوں سے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں جبکہ بعض گمراہ لوگ ملک دشمن افراد کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔

کچھ ماہ قبل بلوچستان میں گرفتار ہونے والے ہندوستانی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کی گرفتاری کے بعد یہ بات واضح ہوگئی کہ ملک کے اندر تخریب کاری کی سرگرمیوں میں ہندوستانی ایجنسیاں ملوث ہیں۔ واضح رہے کہ رواں سال 31 مارچ کو حساس اداروں نے بلوچستان میں بڑی اور اہم کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن کو گرفتار کیا تھا، بعد ازاں کلبھوشن یادیو نے ایک ویڈیو میں ‘را’ سے تعلق کا اعتراف کیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ ہم نے ‘را’ کے ایجنٹ کو گرفتار کیا اور دوران تفتیش اس نے کراچی اور بلوچستان میں تخریب کاری میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایسی تخریب کاری کی کارروائیوں کا مقصد خاص طور پر بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو تباہ کرنا ہے، جہاں کئی میگا پرواجیکٹس پر کام جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے ملک کی معشیت کے لیے بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان منصوبوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔

جنرل عامر ریاض نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں بہت جلد امن قائم ہوگا، ہم سب کو مل کر دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہے، پاک فوج عوام کے تعاون سے ملک کے خلاف تمام سازش کو ناکام بنائیں گے اور دشمنوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے آج ٹی وی کے کیمرہ مین شہزاد خان اور ڈان نیوز کے کیمرہ مین محمود خان کی کوئٹہ خودکش حملے میں ہلاکت کی شدید مذمت کی اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کا عزم کیا۔

کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ کوئٹہ پریس کلب کے دورے کا مقصد صحافیوں سے ان کے ساتھی کی ہلاکت پر اظہار یکجہتی کرنا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 8 اگست کو کوئٹہ میں بلوچستان بار کونسل کے صدر ایڈووکیٹ بلال انور کاسی کے قتل کے بعد سول ہسپتال میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں70 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ واقعے میں زیادہ تر وکلاء ہلاک ہوئے تھے، جبکہ جائے وقوع پر موجود صحافی بھی دھماکے کی زد میں آئے، نجی نیوز چینل آج ٹی وی کے کیمرہ مین موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ ڈان نیوز کے کیمرہ مین 25 سالہ محمود خان شدید زخمی ہوئے جو بعدازاں ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے علیحدگی اختیار کرنے والے دہشت گرد گروپ جماعت الاحرار نے کوئٹہ دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا، بعدازاں داعش نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔

پنھنجي راءِ لکو