گالف کے ‘کنگ’ آرنلڈ پالمر انتقال کرگئے

پٹسبرگ: دی کنگ کے نام سے مشہور امریکا کے سابق گالفر آرنلڈ پالمر مقامی ہسپتال میں دل کے عارضے کے باعث 87 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

آرنلڈ پالمر کا شمار گالف کے عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا تھا اور ان کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ انھیں ‘دی کنگ’ کہا جاتا تھا۔

1929 میں پیدا ہونے والے امریکا کے عظیم گالفر نے چارسال کی عمر سے گالف کھیلنا شروع کیا اور پورے کیریئر میں پی جی اے ٹور کے 7 میجر چمپیئن شپ سمیت 62 فتوحات حاصل کیں۔

انھیں کیریئر کی بڑی کامیابی 1960 کے یوایس اوپن میں ملی تھی جب انھوں نے تاریخ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں سات شاٹس کا ریکارڈ برابر کیا تھا اور 1960 سے 1963 تک انھیں گالف میں عروج حاصل تھا۔

پالمر نے تین سالوں میں پی جی اے کے 29 ٹورنامنٹس میں فتوحات حاصل کی تھیں جبکہ انھیں 1960 میں کھیلوں کی میگزین نے ‘اسپورٹس مین آف دی ائر’ کا خطاب دیا۔ گالف میں شاندار کارکردگی کے اعتراف میں پی جی اے ٹور نے پالمر کو 1998 میں لائف ٹائم اچیومنٹ کا ایوارڈ دیا تھا۔

پالمر کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد تھی جنھیں ‘آرنی آرمی” کے طورپر جانا جا تا تھا، 2011 میں گالف ڈاٹ کام کو ایک انٹرویو میں مداحوں کے حوالے سے بات کر تے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ ‘میں مداحوں سے محظوظ ہوا اور میں ان کے لیے کھیل کر لطف اندوز ہوا اور میرا خیال ہے یہی ایک چیز میرے لیے دیگر چیزوں سے بہت اہم تھی’۔

پالمر 1967 میں دس لاکھ ڈالر کمانے والے پہلے گالفر بن گئے تھے جبکہ انھوں نے آخری کامیابی 1973 میں حاصل کی۔ انھوں نے سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اورلینڈو میں بچوں کے لیے لیے آرنلڈ پالمر ہسپتال قائم کیا۔

امریکا کی حکومت نے انھیں گالف کے میدان میں بہترین خدمات پر کئی اعزازات سے نوازا جن میں نمایاں پنسلوانیا کا ائرپورٹ ان سے منسوب کرنا اور بالخصوص 2004 میں سابق صدر جارج بش کی جانب سے انھیں امریکا کے سب سے بڑی سویلین ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

پالمر کی وفات پر طویل عرصے تک ان کے ایجنٹ رہنے والے الیسٹر جانسٹن کا کہنا تھا کہ ‘آج ایک عہد کا اختتام ہوا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘آرنلڈ پالمر کی مقبولیت، شخصیت اور اعزازات گالف کے کھیل سے کہیں زیادہ وسیع ہیں’۔

پنھنجي راءِ لکو