عمر بڑھنے کے باوجود جوان رکھنے والی 8 عادتیں

طویل اور صحت مند زندگی بہت قیمتی ہوتی ہے اور اس دنیا میں کون سا ایسا شخص ہے جو ایک یا دو دہائیاں زیادہ نہ جینا چاہے؟

بڑھاپے کے اثرات سے بچنے کے لیے دنیا بھر میں ارب پتی افراد مختلف جتن کرتے ہیں مگر چند عام عادات عمر بڑھنے سے جسم کی تنزلی کو روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا
دوست روح کے لیے اچھے ہوتے ہیں، آپ جو وقت دیگر افراد کے ساتھ تفریح یا کچھ بھی کرتے ہوئے گزارتے ہیں، وہ آپ کی عمر پر بہت زیادہ اثرات مرتب کرتا ہے، درحقیقت ان کے ساتھ وقت گزارنا جسم پر عمر کے اثرات کی روک تھام کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

کچھ تخلیقی کرنا
کچھ تخلیقی کام آپ کو ذہنی طور پر مسرت بخشتا ہے، واضح سوچ اور زندگی کا معیار بہترین ہوتا ہے، اگر آپ کو کسی آئیڈیا کی ضرورت ہے، تو اداکاری یا تصاویر بنانے پر غور کریں، درحقیقت تخلیقی سوچ اور کام آپ کے ذہن کو تازہ دم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور جسم پر بھی اس کے خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

کم میک اپ
اکثر خواتین میک اپ کا بہت زیادہ استعمال کرتی ہیں، مختلف طبی رپورٹس میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ خواتین عام طور پر میک اپ کو ضرورت سے زیادہ استعمال کرتی ہیں اور اس طرح ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ دیگر کو پرکشش نظر آئیں، مگر بہت زیادہ میک اپ چہرے پر ہونے سے دیگر کو یہ تاثر جاتا ہے کہ آپ اپنی عمر چھپانے کی کوشش کررہی ہیں۔

ورزش
ضروری نہیں کہ جم جانے لگیں یا کوئی سخت ورزش شروع کردیں، باغبانی یا گھر کے گرد تیز چہل قدمی بھی کافی ہوتی ہے، ہر ہفتے دو سے ڈھائی گھنٹے کی یہ ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیاں دل کی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مسلز کو ٹھیک رکھتی ہیں، ایسا کرنے سے آپ کی شخصیت زیادہ بہتر نظر آتی ہے جبکہ بہتر سوچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اسی طرح ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور امراض قلب کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

سن اسکرین لگانا
ایسا نہیں کہ سن اسکرین لگانے سے آپ کم عمر نظر آنے لگتے ہیں، مگر یہ کریم آپ کو سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں سے ضرور تحفظ دیتی ہے جو جلد کو نقصان پہنچاتی ہیں، جس کا نتیجہ جھریاں، گہرے دھبے اور دیگر بڑھاپے کے آثار کی شکل میں نکلتا ہے۔

کچھ نیا سیکھنا
اپنے آپ کو چیلنج دینا دماغی تنزلی کی روک تھام کرسکتا ہے، زیادہ بہتر تو یہ ہے کہ اپنے جسم کو کسی نئی صلاحیت کو سیکھنے کے لیے استعمال کریں، کوئی کھیل اس کے لیے بہتر ہے جو جسمانی ورزش کے ساتھ ساتھ سماجی طور پر بھی میل جول بڑھانے میں مدد دے سکتا ہے۔ یہ دونوں چیزیں ذہن اور جسم کو جوان رکھتی ہیں۔

دانتوں کا خیال
دانتوں پر برش، خلال اور صفائی کا خیال رکھیں، اگر ایسا نہیں کریں گے تو وہ زرد ہوجائیں گے جبکہ مسوڑوں کے امراض بھی ہوسکتے ہیں، اور یہ بڑھانے کی ایک بڑی علامت ہے، اسی طرح دانتوں کی خراب صحت امراض قلب اور فالج جیسے امراض کا خطرہ بھی بڑھاتی ہے۔

تمباکو نوشی سے گریز
تمباکو نوشی چہرے پر جھریوں کا باعث بنتی ہے کیونکہ یہ خون کی شریانوں کو سکڑنے پر مجبور کرکے خون کی سپلائی محدود کردیتی ہے، جس سے جلد بھی سکڑ جاتی ہے، اس کے دیگر نقصانات میں کینسر، امراض قلب اور پھیپھڑوں کے امراض قابل ذکر ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو