معاوضوں کا تنازع، آسٹریلین کرکٹرز اور بورڈ میں تناؤ بڑھ گیا

سڈنی(آن لائن نیوز اردو پاور) آسٹریلوی کھلاڑیوں اور بورڈ کے درمیان معاوضوں کا تنازع بڑھنے لگا، مینز اور ویمنز ٹیموں کے کپتانوں نے کرکٹ آسٹریلیا پر واضح کردیا ہے کہ وہ اس حوالے سے انھیں پریشان نہ کرے، مذاکرات براہ راست کرکٹرز ایسوسی ایشن سے ہونے چاہئیں۔
کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان معاوضوں کا تنازع حال ہونے کے بجائے آئے روز بگڑتا ہی جارہا ہے تاہم بورڈ نے گذشتہ دسمبر سے اس حوالے سے پلیئرز ایسوسی ایشن کے ساتھ بات چیت معطل کی ہوئی ہے اور درپردہ کھلاڑیوں سے براہ راست رابطہ کرکے انھیں اپنی مٹھی میں لینے کی کوشش کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مینز ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ اور ویمنز قائد میگ لیننگ نے کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کرکے ان پر واضح کیا ہے کہ وہ معاوضوں کے معاملے پر براہ راست کرکٹرز ایسوسی ایشن سے رابطہ کریں کیونکہ وہی کھلاڑیوں کی نمائندگی تنظیم ہے جبکہ سی اے کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ کو بھیجے گئے خط میں اسمتھ اور لیننگ کے ساتھ دونوں کے نائب ڈیوڈ وارنر اور الیکس بلیک ویل کے بھی دستخط موجود ہیں۔ اس میں بورڈ پر واضح کیا گیا ہے کہ اگر براہ راست کھلاڑیوں سے رابطہ کرنے کی کوششیں جاری رکھی گئیں تو آن دی فیلڈ ان کی پرفارمنس متاثر ہوسکتی ہے۔

پنھنجي راءِ لکو