بھارتی اداکارہ پاکستان مخالف تعصب پر اپنے ہی میڈیا پر برس پڑیں

ممبئی(آن لائن نیوزاردو پاور) معروف بھارتی اداکارہ سارہ خان کہتی ہیں کہ بھارتی میڈیا پاکستان مخالف خبروں کو بہت زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے جس کی وجہ سے معمولی واقعات بھی غیرمعمولی محسوس ہونے لگتے ہیں۔
ممبئی کی ایک فیشن ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں سارہ خان نے پاکستان میں اپنی گرفتاری کے بارے میں بھارتی میڈیا پر چلنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان میں کبھی گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ انہیں پاکستان میں اپنے مداحوں اور میزبانوں کی جانب سے بھرپور تعاون اور بہت محبت ملی ہے جس سے متاثر ہو کر اب انہوں نے دوسری پاکستانی ڈراما سیریل بھی سائن کرلی ہے۔
سارہ خان کے مطابق ’’ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد جب میں پاکستان ہی میں رہی تو امیگریشن کے ایک اہلکار نے مجھ سے صرف چند منٹوں کےلیے پوچھ گچھ کی تھی لیکن مجھے گرفتار بالکل بھی نہیں کیا گیا تھا۔ مگر معمول کی اس سرکاری کارروائی کو بھارتی میڈیا نے حد سے زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا اور پاکستان میں میری گرفتاری کی افواہ تک اس انداز سے نشر کی جیسے پاکستان میں مجھ پر تشدد اور ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے گئے ہوں۔‘‘
پاکستانی ڈراموں کو کہانی کے اعتبار سے مضبوط قرار دیتے ہوئے سارہ خان کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقابلے میں پاکستانی ڈرامے حقیقت سے قریب تر ہوتے ہیں کیونکہ وہ سیٹ سے زیادہ اصل مقامات پر فلمائے جاتے ہیں۔ سارہ خان نے بتایا ’’مجھے بچپن ہی سے پاکستان دیکھنے کا بہت شوق تھا کیونکہ میں نے یہاں کے بارے میں صرف سنا ہی سنا تھا۔ یہاں آکر معلوم ہوا کہ یہ بہت خوبصورت ملک ہے اور یہاں کے لوگ بہت ہی پیار کرنے والے ہیں۔ مجھے کبھی محسوس نہیں ہوا کہ میں اپنا ملک چھوڑ کر کسی دوسرے ملک میں آئی ہوں۔ اس لیے جب مجھے پاکستان میں دوسری ڈراما سیریل کی پیشکش ہوئی تو میں نے فوراً ہاں کہہ دی۔‘‘

پنھنجي راءِ لکو