انٹرنیشنل الیون کو کلیئرنس نہیں ملی، کراچی میں نہیں کھیلے گی: شہریار خان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ رواں سال ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انٹرنیشنل الیون سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے سبب کراچی میں میچ نہیں کھیل سکے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بدھ کو کراچی میں بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش تھی کہ انٹرنیشنل الیون اپنے دورے میں تین میں سے ایک میچ کراچی میں کھیلے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کیا ہے کہ چونکہ کراچی کو ابھی سکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی ہے لہٰذا فی الحال یہاں میچ کا انعقاد ممکن نہیں۔
شہریار خان نے کہا کہ آئی سی سی نے لاہور کو سکیورٹی کلیئرنس دے دی ہے جس کا سبب پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا کامیابی سے انعقاد تھا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے موقع پرآئی سی سی اور دیگر ممالک کے آٹھ سکیورٹی ماہرین لاہور آئے تھے جنھوں نے سکیورٹی کے انتظامات پر اطمینان بخش رپورٹ دی ہے۔ اس رپورٹ میں چند خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنھیں دور کیا جائے گا۔
ایسوسی ایٹ ٹیمیں آئیں گی تو راستہ کھلے گا
شہریارخان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مستقبل میں کراچی میں اہم میچز ضرور کرائے گا جن میں پاکستان سپر لیگ کے چند میچز بھی شامل ہیں۔
اس سلسلے میں انھوں نےکراچی کے کورکمانڈر، رینجرز اور سول افسران سے ملاقاتیں کی ہیں جنھوں نے سکیورٹی کی فراہمی کی ہرممکن یقین دہانی کرائی ہے۔
شہریارخان نے تسلیم کیا کہ کراچی کا نیشنل سٹیڈیم اس وقت بہت خراب حالت میں ہے اور اس پر کام بہت جلد شروع کیا جارہا ہے تاکہ اسے بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کے قابل بنایا جا سکے۔

پنھنجي راءِ لکو