واٹس ایپ کے ذریعے فراڈ اور ہیکنگ کی نئی لہر

لندن(آن لائن نیوزاردو پاور) واٹس ایپ پر فراڈیوں اور ہیکرز کا ایک نیا گروپ سرگرم ہوگیا ہے جس نے جعلی پیغامات کے ذریعے عام صارفین کو بے وقوف بناتے ہوئے ان کی ذاتی معلومات اینٹھنا شروع کردی ہیں جبکہ ممکنہ طور پر آئندہ مہینوں میں یہ گروپ کسی بڑے نقصان کی وجہ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ ایک مفت میسجنگ اور کالنگ سروس ہے جس کے ذریعے آپ دنیا بھر میں کہیں بھی بہ آسانی رابطہ کرسکتے ہیں اور ویڈیو کال تک کرسکتے ہیں لیکن اب نامعلوم ہیکرز نے جعلی پیغامات بھیجنا شروع کر دیئے ہیں جن میں صارفین سے کہا جاتا ہے کہ ان کی واٹس ایپ سبسکرپشن ختم ہو چکی ہے جسے 0.99 پاؤنڈ میں تاحیات دوبارہ جاری کرنے کے لیے اسی پیغام میں ایک لنک بھی دیا جاتا ہے۔ جونہی اس لنک پر کلک کیا جاتا ہے تو اسمارٹ فون میں محفوظ، صارف کی تمام معلومات نامعلوم ہیکر تک پہنچ جاتی ہیں

لاعلمی میں بعض صارفین اس لنک پر پہنچنے کے بعد جلد از جلد یہ رقم ادا کرتے ہیں تاکہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ بند نہ ہو لیکن اسی چکر میں وہ ہیکرز کو اپنے کریڈٹ کارڈ اور انٹرنیٹ بینکنگ کی ساری تفصیلات فراہم کرتے ہوئے خود کو اور بھی زیادہ غیرمحفوظ کرلیتے ہیں۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر آپ کے اسمارٹ فون پر بھی ایسا ہی کوئی پیغام موصول ہو تو اسے فوراً ڈیلیٹ کردیجیے اور اگر آپ نے غلطی سے اس لنک پر کلک کردیا ہے تو جتنی جلدی ہوسکے کسی اچھے اینٹی وائرس سے اپنے اسمارٹ فون کو صاف کرلیجیے تاکہ وائرس کے کسی بھی ممکنہ حملے سے بھی محفوظ رہ سکیں۔
اب تک یہ تو معلوم نہیں ہوا ہے کہ اس کارروائی کے پیچھے ہیکرز کا کونسا گروپ ملوث ہے اور کس ملک (یا پھر کن ممالک) سے اس کا تعلق لیکن ابتدائی مرحلے پر تھوڑی سی احتیاط کرکے اس سے بہ آسانی بچا جاسکتا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو