فلموں میں آنے سے ڈرتی ہوں، ڈرامہ میری پہلی اور آخری پسند ہے، عائزہ خان

کراچی(آن لائن نیوزاردو پاور) معروف اداکارہ عائزہ خان نے کہاہے کہ مجھے فلم میں آنے سے ڈر لگتا ہے، سوشل میڈیا پر شائقین کے پیغامات وصول ہوتے رہتے ہیں کہ وہ مجھے فلموں میں دیکھنا چاہتے ہیں تاہم میں مناسب اسکرپٹ کا انتظار کررہی ہوں، فلم کا انتخاب کرنے میں جلدبازی نہیں کرنا چاہتی۔ ان خیالات کا اظؓہار انہوں نے ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں فلمیں بن رہی ہیں، چند ہی کامیاب ہوتی ہیں، ہمیشہ سے ایسا کام کرنے میں یقین رکھتی ہوں جو عوام کے دل چھو جائے، شوہر دانش تیمور کی فلم’’مہرالنساء وی لب یو‘‘ نے عید پر لوگوں کو خوب محظوظ کیا، میں نے فلم دیکھی ہے اور مجھے بھی ان کا کام ہمیشہ کی طرح پسند آیا ہے، دانش فلموں میں اچھا کام کررہے ہیں تاہم میں فلموں میں آنے سے ڈرتی ہوں، ڈر کی کوئی خاص وجہ نہیں، بس جلدبازی میں کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہتی۔عائزہ خان، فلموں میں تو نہیں تاہم ڈراموں میں اپنی انٹری بنائے رکھے ہوئے ہیں، ان کا نیا ڈرامہ سیریل’’ دل کا کیا ہوا ‘‘ بہت جلد نجی چینل پر نشر ہوگا، جو کہ کامیاب ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمن قمر نے تحریر کیا ہے۔
ہدایات شفاعت حسین نے دی ہیں جب کہ اس کی کاسٹ میں عائزہ خان‘ زاہد افتخار‘ سمیع خان‘ عمران اشرف‘ عثمان پیرزادہ‘ فرح شاہ‘ہاجرہ یاسمین‘ ہاجرہ خان‘ حرا حسین‘ منشا پاشا‘ نور خان‘ ریحان شیخ‘ سیمی پاشا‘ زرمینہ اکرام اور دیگر شامل ہیں۔عائزہ نے بتایا کہ ڈرامہ وہ شعبہ ہے جو میں کرتی آئی ہوں، اور ہمیشہ کرتی آؤں گی، ڈرامہ مجھے کبھی بوریت کا احساس نہیں ہونے دیتا، بوریت یکسانیت میں آتی ہے، اگر آپ مختلف نوعیت کے موضوع پر مبنی ڈرامہ کریں تو آپ بور نہیں ہوں گے۔ عائزہ کی فلموں میں آنے سے متعلق دانش نے ایکسپریس کو بتایا کہ عائزہ اور میں مناسب اسکرپٹ کا انتظار کررہے ہیں، عائزہ کی خواہش ہے کہ وہ فلم میں کام کرنے کا آغاز میرے ساتھ کریں، ہمم کافی اسکرپٹ دیکھ رہے ہیں، عائزہ کے ساتھ فلم کو شاید میں خود پروڈیوس بھی کروں، یہ رومانس اور مزاح پر مبنی فلم ہوگی، کوشش کریں گے کہ حقیقی زندگی کی محبت کو بڑے پردے پر لائیں۔

پنھنجي راءِ لکو