دو ہزار روز سے روزانہ ڈزنی لینڈ جانے والا جنونی شخص

کیلیفورنیا(آن لائن نیوزاردو پاور) کوئی بھی جگہ اور تفریحی مقام کتنا ہی دلفریب کیوں نہ ہو، وہاں بار بار جانا ایک روز اکتا دینے والا عمل بن جاتا ہے لیکن کیلیفورنیا کا ایک رہائشی مسلسل 2000 روز سے کیلیفورنیا ڈزنی لینڈ جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود اس کے سحر سے آزاد نہیں ہو سکا۔
امریکی ایئر فورس کا سابق ملازم 44 سالہ جیف رائٹز مسلسل 5 سال سے ہر صبح ڈزنی لینڈ جاتا ہے لیکن اب تک اس تفریح گاہ سے ان کا دل نہیں بھرا۔ پہلی مرتبہ وہ یکم جنوری 2012 کو ڈزنی لینڈ گیا اور انہیں پورے سال کا پاس بطور تحفہ ملا تھا۔ اس کے بعد بلا ناغہ وہ اب تک ڈزنی لینڈ جا رہا ہے۔ اس دوران انہیں ملازمت بھی مل گئی لیکن وہ کسی نہ کسی طرح اپنی پسندیدہ تفریح گاہ ضرور جاتا ہے اور روزانہ شام کا کچھ پہر ڈزنی لینڈ میں گزارتا ہے۔
جیف رائٹز کی پسندیدہ رائیڈز میں ’میٹرہارن بوب سلیڈز‘ شامل ہیں لیکن وہ پارک میں گھومتا پھرتا رہتا ہے اور پارک کے عملے اور سیاحوں سے باتیں کر کے یا چھوٹے بچوں کو خوش دیکھ کر خود بھی سکون محسوس کرتا ہے۔ جیف کا کہنا ہے کہ میرا یہاں آنا ہرروز ایک نیا تجربہ ہوتا ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں جیف نے کہا کہ میں اب بھی اس سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، میں کسی ریکارڈ کے لیے نہیں آتا بلکہ پارک کی جادوگری سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔

جیف مسلسل 2000 روز تک ڈزنی جانے والے دنیا کے واحد شخص بن گئے ہیں۔ ان کا ڈزنی پاس جنوری 2018 میں ختم ہو گا اور وہ جب تک یہاں آتے رہیں گے۔ ان کے مطابق ڈزنی نے ان کی زندگی بدل دی ہے اور یہیں ان کی ملاقات اپنی نئی دوست کیرن سے بھی ہوئی ہے اور اس دوران وہ اپنا 40 پونڈ وزن بھی کم کرچکے ہیں۔
بعض لوگوں نے جیف پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ڈزنی کا بیمار کہا ہے لیکن جیف اس سے انکار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ ڈزنی میں سکون اور لطف اٹھانے آتے ہیں۔

پنھنجي راءِ لکو