آپ کی شخصیت کے رازوں سے پردہ اُٹھاتی 4 تصویریں

آپ کا مزاج کیسا ہے، آپ کس طرح سوچتے ہیں اور مختلف معاملات کو کس نقطہ نگاہ سے دیکھتے ہیں؟ یہ جاننے کے لیے کسی ماہرِ نفسیات کے پاس جانے کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ ایک بہت ہی سادہ اور آسان سی بصری آزمائش (وژوئل ٹیسٹ) کے ذریعے آپ خود بھی اپنی شخصیت کے رازوں سے واقف ہو سکتے ہیں۔
ذیل میں چار تصویریں دی گئی ہیں، ہر تصویر کو باری باری غور سے دیکھیے اور اندازہ لگائیے کہ اس تصویر میں کیا دکھایا گیا ہے۔ اس کے بعد تصویر کے نیچے موجود وضاحت ملاحظہ کیجیے جسے پڑھ کر آپ کو خود اپنی شخصیت اور سوچ کے بارے میں معلوم ہوجائے گا۔ اس بصری آزمائش کے ذریعے آپ اپنے دوستوں کو بھی حیران کر سکتے ہیں۔
پہلی تصویر: جوان یا بوڑھی عورت؟

اگر آپ کو اس تصویر میں ایک جوان عورت نظر آرہی ہے تو آپ ہر معاملے کا روشن پہلو دیکھنے کے عادی ہیں البتہ کبھی کبھار پریشان ہو کر جھلاہٹ کا شکار بھی ہو جاتے ہیں؛ لیکن مجموعی طور پر آپ ایک خوش مزاج انسان ہیں۔
اس کے برعکس اگر آپ کو تصویر میں بوڑھی عورت دکھائی دی تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ ایک تجربہ کار انسان ہیں اور آپ اپنی زندگی میں بہت کچھ ٹھنڈا گرم دیکھ چکے ہیں۔ آپ ایک تنقیدی سوچ کے حامل ہیں اور کسی بھی مسئلے یا معاملے کو تمام ممکنہ پہلوؤں سے دیکھنے اور پرکھنے کے عادی ہیں۔
دوسری تصویر: کھوپڑی یا خاتون؟

کیا آپ کو اس تصویر میں ایک کھوپڑی نظر آرہی ہے؟ اگر ہاں تو پھر آپ ایک حقیقت پسند اور کسی حد تک خبطی شخص ہیں؛ اور یہ بات اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ زندگی کی ہر خوشی عارضی اور کچھ ہی دیر کے لیے رہنے والی ہے۔
اگر آپ اس تصویر میں آئینے کے سامنے بیٹھی ہوئی خاتون کو دیکھ رہے ہیں تو پھر آپ بہت ہی سادہ دل اور ناتجربہ کار ہیں۔ عام طور پر آپ ممکنہ خطرات اور مسائل کا اندازہ ہی نہیں کر پاتے اور بڑی آسانی سے ان کا شکار ہو جاتے ہیں۔
تیسری تصویر: خرگوش یا بطخ؟

وہ تمام ناظرین جنہیں اس تصویر میں خرگوش نظر آرہا ہے، ان کا دماغ تکنیکی معاملات کو سمجھنے اور حل کرنے کا عادی ہے لیکن افسوس کہ وہ اپنے اور دوسروں کے جذبات سمجھنے کے معاملے میں نہایت کمزور ہیں؛ یعنی وہ انتہائی غیر جذباتی قسم کے انسان ہیں۔
وہ افراد جنہیں یہ ایک بطخ کی تصویر دکھائی دے رہی ہے وہ حساس اور جذباتی قسم کے ہیں۔ مطلب یہ کہ وہ دوسروں کے جذبات کی قدر کرتے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ دوسرے بھی ان کے جذبات کو سمجھیں۔
اگرچہ ایسے لوگوں کی ممکنہ تعداد بہت کم ہے لیکن پھر بھی کچھ لوگوں کو اس تصویر میں خرگوش اور بطخ ایک ساتھ دکھائی دے رہے ہوں گے۔ اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہے تو مبارک ہو! آپ ایک تخلیقی سوچ کے مالک ہیں اور آپ کی تخلیقی صلاحیتیں دوسروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔
چوتھی تصویر: چڑھتی بلی یا اُترتی بلی؟

اگر اس تصویر میں بلی آپ کو سیڑھیاں چڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے تو یہ کوئی اچھی بات نہیں کیونکہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ آپ کسی بھی معاملے کو جزئیات کے ساتھ پرکھنے کے عادی نہیں، آپ انتہائی غیر منظم اور سادہ دل ہیں۔ البتہ اسی مزاج کی وجہ سے آپ زندگی سے محبت کرتے ہیں اور بلاوجہ کے اعصابی تناؤ اور الجھنوں سے محفوظ رہتے ہیں۔
کیا اس تصویر میں آپ کو یہ بلی سیڑھیاں اُترتی ہوئی نظر آرہی ہے؟ اگر ہاں تو پھر آپ کسی بھی معاملے، کسی بھی سوال اور کسی بھی مسئلے کو پوری توجہ، تفصیل اور احتیاط کے ساتھ جانچنے کے عادی ہیں۔ مسائل حل کرنے کے لیے آپ کا طرزِ عمل تقدیر پر انحصار کرنے والا نہیں بلکہ تدبیر آزمانے والا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو