ویمنز رینکنگ میں ثنا میر کی 18 درجے ترقی

دبئی(آن لائن نیوزاردو پاور)ویمنز ورلڈ کپ میں ناکامیوں میں الجھی پاکستانی کرکٹرز نے بھی آخر اچھی خبرسن لی، رینکنگ میں ثنا میر نے ایک ساتھ 18 درجے کی چھلانگ سے 37 ویں پوزیشن پالی، بولرز میں نشرح سندھو کو بھی 13 درجے ترقی مل گئی۔
ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا سفر انتہائی مایوس کن رہا، پورے ایونٹ میں ایک بھی فتح اس کے ہاتھ نہیں آئی تاہم کچھ کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر اچھا کھیل پیش کرنے کا صلہ رینکنگ میں مل گیا، ان میں کپتان ثنا میر سرفہرست ہیں، انھوں نے بیٹنگ رینکنگ میں ایک ساتھ 18 درجے ترقی پاتے ہوئے 37 ویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے، اسی طرح ناہیدہ خان کو بھی 16 درجے ترقی نے 45 ویں نمبر پر پہنچادیا ہے، بیٹنگ میں ٹاپ 20 پوزیشنز پر کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی نہیں ہے۔ بولنگ چارٹ پر ثنامیر 12 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ اسپنر نشرح سندھو نے بڑی چھلانگ لگائی، 13 درجے ترقی نے انھیں 61 ویں پوزیشن کا حقدار بنادیا ہے۔
ادھر آسٹریلیا کی الیسی پیری نے تین درجے ترقی پاکر بیٹنگ میں کیریئر بیسٹ تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے، انھوں نے ویمنز ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ 366 رنز بنانے کے ساتھ 9 وکٹیں بھی لی ہیں، اس لیے وہ دنیا کی بہترین خاتون آل راؤنڈر بھی بن چکی ہیں، انھوں نے یہ اعزاز ویسٹ انڈین کپتان اسٹیفنی ٹیلر سے حاصل کیا ہے۔ وہ تیسری مرتبہ نمبر ون آل راؤنڈر بنی ہیں۔
دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے 8 ٹیموں کے ایونٹ کے گروپ مرحلے میں دوسری پوزیشن کے ساتھ سیمی فائنلز میں قدم رکھے۔ اس کی نکول بولٹن 8 درجے ترقی سے کیریئر بیسٹ 11 ویں بیٹنگ پوزیشن حاصل کرچکی ہیں۔ بھارت کی میتھالی راج بیٹنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ چکی جبکہ ان کا ٹاپ پر موجود میگ لیننگ سے صرف 5 پوائنٹس کا فاصلہ باقی رہ گیا ہے۔ پونم راوٹ 12 درجے ترقی سے 19 ویں اور سمرتی مندھانا 8 درجے ترقی پاکر 29 ویں بیٹنگ پوزیشن سنبھال چکی ہیں۔
علاوہ ازیں جنوبی افریقی کپتان ڈین وان نیکریک 15 وکٹیں حاصل کرکے 14 درجے کی چھلانگ لگا کر بولرز میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں شبنم اسماعیل نے آٹھویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔ ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا ٹاپ پر موجود ہیں، ٹاپ 5 میں شامل باقی ٹیموں میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، بھارت اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں، پاکستان ٹیم ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

پنھنجي راءِ لکو