نوٹنگھم ٹیسٹ؛ جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 340 رنز سے شکست دے دی

نوٹنگھم(آن لائن نیوزاردو پاور) جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 340رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیتے ہوئے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
ٹرینٹ برج گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے دونوں اننگز میں میزبان ٹیم کو آﺅٹ کلاس کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے 474 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 133رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پروٹیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں ہاشم آملہ 78، کوانٹن ڈی کاک 68، ورنن فلینڈر54 کی بدولت 335رنز بنائے، جیمز اینڈرسن نے 5، اسٹوارٹ براڈ نے 3 جب کہ بین اسٹوکس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں میزبان ٹیم صرف 205رنز بنانے میں کامیاب ہوئی، جوئے روٹ 78 اور جونی بیئراسٹو 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کرس مورس اور کیشو مہاراج نے 3,3 جب کہ ورنن فلینڈر اور مورنے مورکل نے 2,2 کھلاڑی آﺅٹ کیے۔
130رنز کی برتری کے ساتھ جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور 9 وکٹ پر 343رنز بناتے ہوئے انگلینڈ کو فتح کیلیے 474 رنز کا ہدف دیا۔ ہاشم آملہ 87، ڈین ایلگر 80 اور فاف ڈوپلیسی 63 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، معین علی نے 4، جیمز اینڈرسن اور بین اسٹوکس نے 2,2 جبکہ لیام ڈاسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
474 کے ہدف کے تعاقب میں پوری انگلش ٹیم 133 پرڈھیرہوگئی، الیسٹر کک 42 اور معین علی27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ 7 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے۔ فاتح ٹیم کی جانب سے ورنن فلینڈر اور کیشو مہاراج نے 3,3 جبکہ ڈوانے اولیور اور کرس مورس نے 2,2 کھلاڑی آﺅٹ کیے۔ آل راﺅنڈ کارکردگی پر ورنن فلینڈر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دونوں ٹیموں کے مابین 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے، سیریز کا تیسرا میچ 27 جولائی سے اوول جبکہ آخری میچ 4 اگست سے مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

پنھنجي راءِ لکو