اب فیس بک میسنجر ہر فون پر نہیں چلے گا

واشنگٹن(آن لائن نیوز اردو پاور) فیس بک نے چند دن بعد اپنے میسنجر ایپ کو کئی اہم اسمارٹ فونز پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
فیس بک کےآفیشل بلاگ میں کہا گیا ہے کہ ونڈوز پر چلنے والے بعض اسمارٹ فونز، وی 55 اور اینڈروئیڈ وی 10 آلات استعمال کرنے والے فونز اور آلات کے لیے اس کی سپورٹ ختم ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ 10 اکتوبر 2011 یا اس سے پہلے کے آئی او ایس کے لیے بھی آئی پیڈ وی 26 اور میسنجر وی 8 کی سپورٹ بھی ختم کی جارہی ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ ونڈوز فون 8 اور8.1 اور انہی ورژن کی ڈیسک ٹاپ ایپ بھی اب نہیں چل سکیں گی۔ فیس بک نے اپنے تمام صارفین سے کہا ہے کہ وہ یکم اپریل سے ہونے والی ان تبدیلیوں کو نوٹ کرلیں۔ اپنے ایک پیغام میں فیس بک نے میسنجر استعمال کرنے والے تمام صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مارچ کے اختتام کے بعد ان آئی او ایس سے بذریعہ میسنجر پیغام بھیج اور وصول نہیں کرسکیں گے۔

اس عمل کا دفاع کرتے ہوئے فیس بک نے اپنے بلاگ میں مزید کہا ہے کہ ہماری ٹیم نے دوستوں اور اہلِ خانہ سے رابطے کی سہولیات بہتر سے بہتر بنائی ہیں، ہم نے میسنجر پر وائس، ویڈیو کالنگ، گیمز اور بوٹس کے فیچرز کو بہتر سے بہتر بنایا ہے، اس لیے ایپ کے پرانے ورژن کے ساتھ یا تو یہ سہولیات پوری طرح نہیں چل پائیں گی یا بالکل ہی بند ہوسکتی ہیں۔
فیس بک نے ایسے تمام ہارڈویئرز استعمال کرنے والے صارفین سے کہا ہے کہ وہ اپنے آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرلیں تاکہ فیس بک اور میسنجر ایپ کے جدید ورژن کو استعمال کرسکیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل واٹس ایپ اور اسکائپ بھی ایسے ہی اقدامات کرچکے ہیں۔ گزشتہ برس 31 دسمبر کو واٹس ایپ نے اپ ڈیٹ ورژن متعارف کرایا تھا جس سے پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے کروڑوں آلات پر واٹس ایپ چلانا ناممکن ہوگیا تھا۔

پنھنجي راءِ لکو