لاہور ایئر پورٹ پر نجی ایئر لائن کی پرواز حادثہ سے بال بال بچ گئی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پرنجی ایئر لائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ٹیکسی کرتے ہوئے جہاز کے 3 ٹائر پھٹ گئے جس کے باعث طیارے کو ہنگامی طور پر روک کر ٹھیک کرنے کے کام کا آغاز کردیا گیا ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی او ر فار بریگیڈ کا عملہ جہاز کے قریب پہنچ گیا جبکہ سول ایوی ایشن نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نجی کمپنی شاہین ایئر لائن کی دبئی جا نے والے پرواز لاہور ایئرپوٹ پر ٹیکسی کرنے لگی تو اس کے 3ٹائر پھٹ گئے ۔لیکن اسے بروقت کنٹرول کر کے بڑے حادثہ سے بچا لیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پائلٹ کو اندازہ ہوا کہ ٹائر کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو اطلاع دی جس کے بعد حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے طیارے کو پارک کرایا جبکہ ایک ہی وقت میں تین ٹائروں کو مسئلہ ہونے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی شاہین ایئر لائن ہی کی ایک پرواز نے لاہور ایئرپورٹ پر کریش لینڈنگ کی تھی جس کے ڈرائیور پر الزام لگایا گیا کہ اس نے شراب پی رکھی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں