’دفع ہو جاؤ‘ ہولی وڈ اداکارہ کا رنبیر کو جواب

ایسا کتنی بار ہوا ہوگا کہ آپ اپنے پسندیدہ اسٹار کو دیکھ کر اس کے ساتھ سیلفی یا آٹوگراف لینے کے لیے اس کے پیچھے بھاگیں، لیکن تب کیا ہوگا جب ایک اسٹار خود ہی دوسرے اسٹار کا بڑا مداح ہو؟

فرسٹ پوسٹ کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ وہ ہولی وڈ ہدایت کار اور اداکار کوئنتن تارتانتینو اور نیٹلی پورٹمین کے بڑے مداح ہیں تاہم ان سے ملاقات کا تحربہ رنبیر کے لیے کچھ اچھا نہیں رہا۔ رنبیر کا کہنا تھا ’میں کوئنتن تارتانتینو اور نیٹلی پورٹمین کا بہت بڑا مداح ہوں، ایک دفعہ میں نے نیٹلی کو دیکھا، وہ اس دوران فون پر بات کرتے ہوئے رو رہی تھیں، میں جلدی سے ان کے پیچھے گیا اور ابھی میں یہ کہنے ہی والا تھا کہ مجھے آپ کا کام پسند ہے، انہوں نے میری طرف دیکھا اور کہا ‘دفع ہوجاؤ’، بس میرا دل وہیں ٹوٹ گیا لیکن میں اب بھی ان کا پیچھا کرسکتا ہوں‘۔

رنبیر کا مزید کہنا تھا کہ لندن میں اپنی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی شوٹنگ کے دوران انہیں کوئنتن تارتانتینو نے بھی نظر انداز کیا تھا۔

انہوں نے بتایا ’میں اپنی فلم کی شوٹنگ کررہا تھا جب مجھے معلوم ہوا کہ کوئنتن تارتانتینو اس جگہ ایک انٹرویو کے لیے موجود ہیں، میں نے کرن جوہر سے کہا دیکھو مجھے ان سے ملنا ہے اس لیے میں شوٹنگ چھوڑ کر ان کی گاڑی کے پاس انتظار کرنے لگا، مجھے صرف ان کے ساتھ ایک تصویر اور ان کا آٹوگراف چاہیے تھا، جب وہ وہاں آئے میں نے ان کو کئی آوازیں دیں تاہم انہوں نے مجھے نظر انداز کردیا جس کے بعد میری مکمل ٹیم نے میرا مذاق اڑایا‘۔ تاہم ہولی وڈ فلموں میں کام کرنے کے سوال پر رنبیر کا کہنا تھا کہ انہیں آڈیشنز دینے سے خوف آتا ہے، ان کے مطابق کچھ سال قبل انہیں ہولی وڈ فلم ’اسٹار وارز‘ میں معاون کردار کی آفر ملی تھی تاہم انہوں نے اس سے انکار کردیا تھا۔

رنبیر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ رواں سال 28 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں