شہری بیرون ملک روایتی لباس نہ پہنیں، یو اے ای

دبئی(ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے امریکی ریاست اوہائیو میں دہشت گردی کے شبہ میں ایک اماراتی شخص کو حراست میں لیے جانے کے واقعے کے بعد اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بیرون ملک سفر کے دوران روایتی ملبوسات نہ پہنیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق یو اے ای کی وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اپنے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ حفاظت کے پیش نظر بیرون ملک روایتی ملبوسات نہ پہنیں۔

اپنے ایک علیحدہ پیغام میں وزارت خارجہ نے خواتین پر زور دیا کہ وہ یورپ کے کچھ علاقوں میں چہرے کے پردے پر پابندی کی پاسداری کریں۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایک اماراتی شہری احمد المنہالی کو گذشتہ ہفتے ریاست اوہائیو کے شہر ایون میں گن پوائنٹ پر اُس وقت حراست میں لے لیا گیا تھا، جب ایک ہوٹل کلرک نے ان خدشات کا اظہار کیا تھا کہ احمد کے شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ سے روابط ہوسکتے ہیں۔

حراست میں لیے جانے کے وقت احمد المنہالی نے روایتی ٹخنوں تک آتا سفید جبہ اور سر پر اسکارف پہن رکھا تھا۔

ایک مقامی ٹی وی کی جانب سے احمد کو حراست میں لیے جانے کی ویڈیو فوٹیج بھی پوسٹ کردی گئی، جس کے بعد ایون کے عہدیداران نے واقعے پر معافی مانگ لی تھی۔

پنھنجي راءِ لکو