میں نہیں میرا کام بولے گا، مراد علی شاہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک)صوبہ سندھ کے نو منتخب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ سندھ میں ایسا امن و امان قائم کریں گے کہ ہر شہری خود کو محفوظ سمجھے گا۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد مراد علی شاہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کے عزم کو لے کر آگے بڑھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سندھ کے عوام کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے ان کا انتخاب کیا ہے، مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ان کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ وہ عوام کی خدمت کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اس امید کا اظہار کیا کہ انھیں صوبے سے سپورٹ ملے گی، انھوں نے ہر بچے کو تعلیم دلوانے اور بیمار بچوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس کام میں کئی دہائیاں لگیں گی۔

مراد علی شاہ نے سندھ کے عوام، تمام سیاسی جماعتوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس ہفتے بہت سپورٹ کیا گیا، ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے اپنے غلط کاموں کی نشاندہی کی بھی درخواست کی۔انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ سندھ کی عوام کی مشکلات کو کم کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

وزیراعظم نواز شریف سے اپنی ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ انہوں نے نواز شریف سے ان کی صحت پوچھی اور سندھ کے مسائل پر بھی بات چیت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت سندھ کے معاملات میں ان کی مدد ضرور کرے گی۔

مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا کہ وہ نہیں ان کا کام بولے گا اور ان کے کام سے ان کے خیالات کا اندازہ ہوگا۔

میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس بہت اچھی ٹیم ہے، وہ اپنے ہر منٹ کو سندھ کی خدمت کے لیے استعمال کریں گے اور تھر کے مسائل پر بھی کام کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما مراد علی شاہ نے گزشتہ ہفتے بھاری اکثریت سے صوبہ سندھ کا نیا وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود پر اعتماد کرنے والوں کے شکر گزار ہیں۔

مراد علی شاہ نے اپنے کیریئر کا آغاز 1986 میں واپڈا سے بطور جونیئر انجینئر کیا تھا، وہ پہلی بار 2002 کے عام انتخابات میں جامشورو کے حلقہ پی ایس 73 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے اور یوں ان کا سیاسی کیریئر شروع ہوا۔

وہ 2007 میں اور پھر 2014 کے ضمنی انتخابات میں بھی اسی نشست سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔

پنھنجي راءِ لکو