پاکستانیوں کی دبئی میں 85 ارب روپے مالیت کی پراپرٹی

کراچی(ویب ڈیسک)رواں سال کے نصف عرصے میں پاکستانیوں نے دبئی میں 3 ارب اماراتی درہم (85 ارب روپے) کی پراپرٹی خریدی، جبکہ ہندوستانیوں نے 7 ارب اور برطانوی شہریوں نے چار ارب درہم کی جائیدادیں خریدیں۔

دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستانیوں نے دبئی کی رئیلٹی مارکیٹ میں 18 ارب درہم (512 ارب روپے) سے بھی زائد رقم کی سرمایہ کاری کی۔

2015 میں غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے ہندوستانی تھے۔ ان کے 8 ہزار 7 سو 56 سرمایہ کاروں کی جانب سے 20 ارب درہم کی پراپرٹی ٹرانزکشن کی گئی، جبکہ 4 ہزار 8 سو 89 سرمایہ کاروں کی جانب سے 10 ارب درہم کی پراپرٹی ٹرانزکشن کے ساتھ برطانوی دوسرے نمبر پر رہے۔

دوسری جانب 6 ہزار 106 سرمایہ کاروں کی جانب سے 8 ارب درہم کی پراپرٹی ٹرانزیکشن کے ساتھ پاکستانی تیسرے نمبر پر رہے۔

سال 2014 میں پاکستانی 5 ہزار 79 کی ٹرانزیکشن کے ساتھ 7 اعشاریہ 59 درہم کی سرمایہ کاری کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ہندوستانیوں نے 7 ہزار 335 ٹرانزیکشنز کے ساتھ 18 اعشاریہ 1 ارب درہم مالیت کی جائیدادیں خریدیں، جبکہ برطانوی شہریوں نے 9 اعشاریہ 32 ارب درہم کی سرمایہ کاری کی۔

اس حوالے سے کلفٹن میں موجود پاریکھ اسٹیٹ کے مالک عبدالوہاب پاریکھ نے بتایا کہ، ‘مقامی تاجروں کے بجائے ہمارے سیاستدان، بیوروکریٹس اور کچھ دیگر خریداروں نے دبئی میں پراپرٹی خریدی ہے۔ تاجروں نے ٹیکس ریٹرنز پر دہندگان اور نادہندگان پر 0.3 سے 0.6 فیصد کے وِد ہولڈنگ ٹیکس متعارف ہونے کے بعد اپنے پیسے نکال کر بیرون ملک منتقل کردیئے ہیں’۔

دوسری جانب مقامی مارکیٹ میں موجود پراپرٹی ڈیلرز نئے ویلیو ایشن ریٹس متعارف ہونے کے بعد مستقبل کے بارے میں تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ رئیل اسٹیٹ مارکیٹ بے اثر ہو چکی ہے۔

پنھنجي راءِ لکو