افغانستان میں کریش لینڈ کرنے والے ہیلی کاپٹر کا عملہ رہا

اسلام آباد: افغانستان میں کریش لینڈنگ کرنے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کو افغان طالبان کی جانب سے رہا کیے جانے کے بعد پاکستان پہنچا دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں تصدیق کی گئی کہ پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے 6 ارکان اسلام آباد پہنچ گئے۔

بازیاب ہونے والے عملے میں کیپٹن صفدر حسین (چیف پائلٹ)، کیپٹن صفدر اشرف، کیپٹن محمد شفیق الرحمٰن (فرسٹ آفیسر)، ناصر محمود (فلائٹ انجینئر)، محمد کوثر (کریو چیف) اور روسی شہری سرگئی سیواتیانو (نیوی گیٹر) شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ طالبان نے عملے کے 7 افراد کو یرغمال بنایا تاہم اب تصدیق کی گئی ہے کہ ہیلی کاپٹر میں ایک روسی شہری سمیت 5 پاکستانی سوار تھے۔

ترجمان کے مطابق عملے کو فاٹا میں پاک-افغان سرحد کے قریب پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا، جنھیں بعدازاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد پہنچایا گیا۔

یہ بھی بتایا گیا کہ بازیاب ہونے والا تمام عملہ بالکل محفوظ اور صحت یاب ہے۔

اس سے قبل ریڈیو فری یورپ کی ایک رپورٹ میں پاکستانی حکام کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ افغان طالبان نے ہیلی کاپٹر کے یرغمال بنائے گئے عملے کو رہا کردیا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو