بلیک لسٹ امریکی شہری کو پاکستان بدر کردیا گیا

لاہور(ویب ڈیسک)خصوصی عدالت کے حکم کے بعد پاکستان میں گرفتار بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو کریگ بیرٹ کو قومی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے ملک بدر کردیا گیا۔ امریکی شہری کو گزشتہ رات مقامی پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور پہنچایا گیا تھا، اس دوران ان کو سخت سیکیورٹی میں 8 گھنٹے تک وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے تحویل میں رکھا گیا اور بعدازاں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 711 کے ذریعے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ روانہ کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بلیک لسٹ امریکی شہری متھیو کریگ بیرٹ کو ویزا جاری کرنے والے کئی افسران کی معطلی کے بعد ان کے خلاف بھی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق رواں ماہ 13 اگست کو میھتیو بیرٹ کو فارن ایکٹ کے تحت 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی خصوصی عدالت نے امریکی شہری کو ڈی پورٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی حکم کے بعد امریکی شہری کو جمعہ 19 اگست کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا اور جیل حکام نے میتھیو بیرٹ کو ایف آئی اے کے حوالے کیا، جنھیں سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے میتھیو کریگ بیرٹ کو رواں ماہ 6 اگست کو دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے پر اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد ان کے خلاف پاکستان کسٹم ایکٹ اور فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ انھیں ایئرپورٹ سے کلیئر کرنے والے ایف آئی اے ملازمین کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

میتھیو کریگ بیرٹ نے تحقیقات کے دوران وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو بیان دیا تھا کہ وہ پاکستان میں مستقل قیام کرنے کی غرض سے امریکا سے واپس آیا تھا۔ یاد رہے کہ میتھیو بیرٹ کو مئی 2011 میں جھنگ بھارتر کے علاقے میں حساس تنصیبات کی تصاویر لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا اورپولیس نے ان کے قبصے سے حساس مقامات کے نقشے بھی برآمد کیے تھے۔

اُس وقت میتھیو بیرٹ کے ویزے کی معیاد کی مدت 11 دسمبر 2011 تک تھی، تاہم انھیں 4 جون 2011 میں انٹیلی جنس ایجنسی کی درخواست کے بعد فوری طور پر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔

امریکا واپس جانے کی بجائے میھتیو بیرٹ روپوش ہوگئے تھے، جنھیں ویزے کے معیاد کی مدت ختم ہونے کے بعد اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون کے علاقے میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

رواں سال 4 جون کو ہیوسٹن میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں کی جانب سے امریکی شہری کا نام بلیک لسٹ میں موجود ہونے کے باوجود انھیں 4 سالہ ملٹی پل ویزا جاری کیا گیا تھا۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے امیگریشن حکام کی غلفت کا نوٹس لیتے امریکی شہری کو ویزا جاری کرنے کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا اور سب انسپکٹر راجہ آصف رضا اور ایف آئی اے کے کانسٹیبل احتشام الحق کو معطل کردیا تھا۔ ایف آئی اے نے 2011 میں پاکستان پینل کوڈ آف سیکشن 123 کے تحت میتھیو بریٹ کا نام بلیک لسٹ میں ڈالا تھا، تاہم رواں سال 22 جون کو امریکی شہری کو ویزا جاری کیا گیا لیکن انھیں 30 جون سے قبل پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں تھی۔

دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) پاکستانی سفارت کاروں کی جانب سے پاکستان میں داخلے کی ممانعت کی فہرست یعنی بلیک لسٹ اَپ ڈیٹ نہ ہونے کے باعث امریکی شہری کو 4 سالہ ملٹی پل ویزا جاری کیے جانے پر امریکا میں تعینات سفیروں کو طلب کرکے تحقیقات کا آغاز کرچکی ہے۔

پنھنجي راءِ لکو