پاناما کیس عدالت میں ہے اس پر تبصرہ نہیں کیا جاسکتا، وزیراعظم

گوادر(آن لائن نیوز اردو پاور) وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاناما کیس عدالت میں ہے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا جب کہ کیس کا جو بھی فیصلہ ہوگا سب کے سامنے آئے گا۔
وزیراعظم نوازشریف نے گوادار میں میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو کی اور اس موقع پر نمائندہ ایکسپریس نیوز نے وزیراعظم سے پاناما کیس کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ سنا ہے آپ پاناما کیس کے فیصلے کے بعد الیکشن کرانے کا سوچ رہے ہیں جس پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں میڈیا پر کیا کچھ چل جاتا ہے، ہم دیکھتے رہتے ہیں کہ ایسی خبریں چلتی رہتی ہیں تاہم اس حوالے سے عدالت کا جو بھی فیصلہ ہوگا سب کے سامنے آئے گا اس پر میرا کوئی تبصرہ نہیں بنتا کیوں کہ محفوظ عدالتی فیصلے پر قیاس آرائی، تبصرہ یا پیش بینی عدالتی احترام میں خلل ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف پسنی گوادر روڈ کا جائزہ لینے کے لیے گوادر پہنچے تو گورنر محمد خان اچکزئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق ان کے ہمراہ تھے جب کہ وزیراعظم نے پسنی سے گوادر تک 150 کلومیٹربذریعہ سڑک سفرکیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پسنی گوادر سڑک کی تعمیر کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام ترتوجہ تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر مرکوز ہے اور گوادرکی ترقی کے لیے 25 ارب روپے کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گودار اور پسنی سمیت بلوچستان کےعلاقوں میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جب کہ 52 ممالک نے سی پیک میں شامل ہونے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو