دوسرا ٹی ٹوئنٹی؛ پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیزکو شکست دیدی

ٹرینیڈاڈ(آن لائن نیوز اردو پاور) پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر 4 میچز کی سیریز میں 0-2 سے برتری حاصل کرلی۔
کوئنز پارک اوول گراؤنڈ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر پہلے گرین شرٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی تو سرفراز الیون نے مقررہ 20 اوور میں 132 رنز بنائے جس کے جواب میں میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لیوس اور چیڈوک والٹن ہدف کے تعاقب کے لئے کریز پر آئے لیکن دوسرے ہی اوور میں 10 کے مجموعی اسکور پر لیوس رن آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ پر والٹن اور سیموئلز نے 50 رنز کی شاندار شراکت قائم کی جس کے بعد میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی آتا جاتا رہا۔
والٹن 21، لینڈل سیمنز ایک، کیرون پولارڈ 3، مارلن سیموئلز 44، کپتان بریتھ ویٹ 15 اور رومان پاویل بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ میچ اس وقت سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا جب آخری اوور میں میزبان ٹیم کو جیت کے لئے 14 رنز درکار تھے، حسن علی کے آخری اوور کی ابتدائی 2 گیندوں پر سنیل نارائن نے 2 چوکے لگا کر جیت کا دیا روشن کیا جس کے بعد 2 گیندیں ضائع کرنے کے بعد پانچویں گیند پر وہ رن آؤٹ ہوگئے۔ آخری گیند پر جیسن ہولڈر نے بڑی ہٹ لگانے کی کوشش کی جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ گرین شرٹس کی جانب سے شاداب خان نے اپنے شاندار اسپیل میں ایک میڈن اوور کے ساتھ 14 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ وہاب ریاض اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر شاداب خان کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا جب کہ پہلے میچ میں بھی شاداب خان ہی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
اس سے قبل گرین شرٹس کی جانب سے کامران اکمل اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پہلے ہی اوور میں کامران اکمل بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز بابراعظم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹنگ کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور41 تک پہنچا تو وہ بھی 27 رنز بنا کر بریتھ ویٹ کی گیند پر کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز احمد شہزاد تھے جنہوں نے 15 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 14 رنز بنائے جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
شعیب ملک 28، فخر زمان 5، کپتان سرفرازاحمد 12، سہیل تنویر اور عماد وسیم 4، 4 ، شاداب خان 13 اور وہاب ریاض 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنیل نارائن اور کارلوس بریتھ ویٹ نے 3،3، سیموئل بدری 2 اور کیسرک ولیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پنھنجي راءِ لکو