بوئنگ طیارے کا 9 سال زیرِ تکمیل تفصیلی کاغذی ماڈل

سان فرانسسكو(آن لائن نیوزاردو پاور) آج کے تیزرفتار دور میں ہم کسی منصوبے کو ایک سال بھی دینے پر تیار نہیں لیکن دھن کا پکا ایک فنکار بوئنگ 777 کا انتہائی تفصیلی کاغذی ماڈل تیار کر رہا ہے جس پر وہ گزشتہ 9 سال سے کام کر رہا ہے۔

بچے کاپی کا صفحہ پھاڑ کر ایک منٹ میں ہوائی جہاز بنا لیتے ہیں لیکن سان فرانسسکو کے 25 سالہ لیوکا لیکونی اسٹیورٹ کو ہوائی جہازوں سے جنون کی حد تک لگاؤ ہے اور اب تک وہ اپنے کاغذی جہاز پر 10 ہزار گھنٹے لگا چکے ہیں جو 9 سال کا عرصہ بنتا ہے۔ طیارے کی زبردست تفصیلات دیکھ کر ہر کوئی حیرت میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

اسٹیورٹ نے جب 2008 میں ایئر انڈیا کا بوئنگ 777 پہلی مرتبہ انٹرنیٹ پر دیکھا تو اس کے تفصیلی مگر چھوٹے پیمانے کا ماڈل بنانے کا ارادہ کیا۔ اس کے لیے انہوں نے بوئنگ 777 کی تفصیلی ڈرائنگز دیکھیں اور سخت کاغذ سے اسے بنانا شروع کیا۔ اس کے بعد انہوں نے 777-200ER کی تربیتی کتاب (مینوئل) بھی منگوائی جس میں جہاز کے بازوؤں سے لے کر اس کے ڈھانچے تک کی تفصیلات موجود تھیں۔

انٹرنیٹ پر بوئنگ 777 کی ویڈیوز اور کتاب کا معائنہ کرنے کے بعد اسٹیورٹ نے اسے ممکن بنانے کے لیے باریک کاغذوں کو کاٹنے والی ایکس ایکٹو نائف سمیت تمام ضروری سامان خریدا۔ اسی طرح ہائیڈرالک پائپوں کو کاغذ سے بنانا ایک بہت بڑا چیلنج تھا لیکن اسٹیورٹ نے بہت ہی نفاست سے یہ کام کیا جبکہ فرسٹ کلاس کی ایک سیٹ بنانے میں تقریباً 8 گھنٹے صرف ہوئے اور پھر 2014 میں یہ پروجیکٹ میڈیا میں خاصا مشہور ہوا۔
9 سال کے بعد اب بھی وہ اس ماڈل پر کام کر رہے ہیں اور آخری مرحلے میں اس کے بازو بنا رہے ہیں جو خود ایک پیچیدہ اور مشکل عمل ہے۔ توقع ہے کہ اگلے برس تک یہ جہاز مکمل ہو جائے گا۔ بوئنگ 777 کے انجینیئرز اور پائلٹ حضرات نے اسٹیورٹ کی اس کوشش کو بہت سراہا ہے۔

پنھنجي راءِ لکو