خلیجی ریاستوں نے قطر کو مطالبات ماننے کیلئے مزید مہلت دیدی

دوحا(آن لائن نیوزاردو پاور) سعودی عرب اور دیگر تین خلیجی ریاستوں نے قطر سے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے ڈیڈ لائن میں مزید دو روز کی توسیع کر دی ہے لیکن ساتھ ہی یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اگر قطر نے مقررہ مدت میں مطالبات تسلیم نہیں کیے تو وہ مزید پابندیوں کیلئے تیار رہے۔
قطری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کو 13 مطالبات پر مشتمل فہرست دی تھی اور کہا تھا کہ اگر وہ معاملات کو درست کرنا چاہتا ہے تو اتوار 30 جون تک ان پر عمل درآمد کرے۔ اب ان ممالک کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس مدت میں مزید 48 گھنٹوں کی توسیع کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب اور اس کے دیگر تین اتحادی ممالک نے 5 جون کو قطر پر دہشت گردی کی معاونت کا الزام عائد کر کے اس سے تعلقات منقطع کر لیے تھے تاہم قطر نے اس الزام کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔ قطر نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے کیے جانے والے مطالبات کو بھی مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ ان پر عمل درآمد ممکن نہیں۔
پیر کے روز قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کویت پہنچے اور انہوں نے خلیجی ممالک کی جانب سے کیے جانے والے مطالبات کا باضابطہ جواب امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے حوالے کیا جس کے بعد کویت کے امیر نے سعودی عرب اور دیگر ممالک سے درخواست کی کہ وہ قطر کے مطالبات تسلیم کرنے کی ڈیڈ لائن میں 48 گھنٹوں کی توسیع کریں۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: قطر کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے، ترکی
یہ بات واضح نہیں کہ قطر کی جانب سے جمع کرائے جانے والے جواب میں مطالبات کو تسلیم کیا گیا ہے یا انہیں یکسر مسترد کردیا گیا ہے۔ کویت خلیجی ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے اس بحران کو ختم کرنے کے لیے ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔ قطر کا بائیکاٹ کرنے والے ممالک کے وزارئے خارجہ کا اجلاس بدھ کو قاہرہ میں ہو گا جہاں مطالبات نہ ماننے کی صورت میں قطر کے خلاف مزید اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

پنھنجي راءِ لکو